Advertisement

جذبات سے مغلوب کسی لشکر نے کبھی کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا۔ہارون رشید

جب بحران پیدا ہو، خواہ وہ کتنا ہی پیچیدہ اور گھمبیر ہو، حل بھی ہمیشہ موجود ہوتا ہے۔ عظیم ترین مواقع دراصل بحران کی دلدل سے جنم لیتے ہیں۔ قدرت انسانوں کو آزماتی ہے، ابتلا میں ڈالتی ہے اور گاہے سزا دیتی ہے۔ چیلنج بظاہر خارجی ہوتا ہے مگر تمام ناکامیاں داخلی ہوا کرتی ہیں۔ سب سے بڑا مرض مایوسی ہے جو ہماری رگ رگ میں ہے۔

غلط فیصلوں اور اقدامات سے اور بھی بڑھتی جاتی ہے۔ یاد رکھنے کی بات ہم ہمیشہ بھول جاتے ہیں کہ تقدیر بنانے والا ہی تقدیر بدل سکتا ہے۔ ہمیشہ دوسروں کو موردِ الزام ٹھہرانے کی بجائے، خواہ وہ قصوروار بھی ہوں، اپنی خامیوں اور حکمت عملی کے نقائص پر بھی غور کرنا چاہیے۔ ضرورت تو یہ تھی کہ پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان میں ہم آہنگی کے علاوہ اپوزیشن پارٹیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی کوشش کی جاتی۔ جامع منصوبہ بندی کی بجائے سارا زور دل کا بوجھ ہلکا کرنے (catharsis) پر ہے۔ میمز بنانے اور گالی دینے سے کچھ بھی حاصل نہیں ہو سکتا۔ ظلم و بربریت کا جب کوئی شکار ہو، جیسا کہ پی ٹی آئی یقیناً ہے، تو اخلاقی اساس برقرار رکھتے ہوئے، دلائل کے لشکر میدان میں اتارے جاتے ہیں۔

چیلنج جتنا بڑا ہو، اتنے ہی زیادہ تحمل اور غور و فکر کی ضرورت ہوتی ہے۔ شجاعت اور سرگرمی لازم مگر استدلال کے ساتھ۔ غزہ کے قتل عام اور ایران پر حملے کے ہنگام میں پی ٹی آئی کچھ بھی نہ کر سکی۔ ناراض وہ بہت ہوں گے مگر واقعہ یہ ہے کہ ان سے زیادہ تڑپ کا مظاہرہ تو تنہا جماعت اسلامی نے کیا، خاص طور پر غزہ کے معاملے میں۔ شخصیت پرستی ایک بیماری ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ عمران خان نے حیران کن ثبات اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ لیکن وہ کال کوٹھری میں پڑے ہیں۔ ذمہ داری اب دوسروں کی ہے اور لشکری تمام توانائی ایک دوسرے کے خلاف ضائع کر رہے ہیں۔ مسلسل مشاورت اور باہمی ہم آہنگی کی ضرورت ہے کہ سب لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔

پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا، اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہے مگر بعض اعتبار سے سب سے بڑا بوجھ بھی ہے۔ ہر کوئی افلاطون بنا بیٹھا ہے۔ ایران اسرائیل جنگ کے ہنگام میں وہ کنفیوژن اور بے سمتی کا شکار رہے جو ایسا تاریخ ساز مرحلہ تھا جو صدیوں کے بعد برپا ہوتا ہے۔ کمزور حکومت نے اگر مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں مدد کی تو اس کا تمسخر کیوں اڑایا گیا؟ ایران، چین اور اہل فلسطین سمیت سبھی اس کا اعتراف کرتے ہیں۔ بھارت میں تو صف ماتم برپا ہے۔ جیسا کہ محمود اچکزئی صاحب نے کہا، کوئی دیوانہ ہی اس کی مخالفت کر سکتا ہے۔ اس عمل سے جس کے اثرات عالمگیر ہیں، پی ٹی آئی کا مقدمہ کمزور نہیں ہوتا۔ ہولناک انتخابی دھاندلی سے قائم ہونے والی حکومت کیسا ہی کارنامہ انجام دے، وہ جعلی اور بے بنیاد ہی رہے گی۔ آخر کار اس کے مقدر میں فنا ہے۔ کرپٹ لیڈروں سے قوم نفرت کرتی ہے۔ کئی سو برس سے مسلمانوں کا مسئلہ یہ ہے کہ دانش و بینش کی بجائے جو علم و ادراک سے پھوٹتی ہے، جذبات کی سطح پر جی رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

محترمہ یاسمین راشد اور لاہور میں شدید علالت کے عذاب سے گزرتے محترمہ یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، سابق گورنر مرد نجیب چیمہ صاحب اور میاں محمود الرشید ایسے لیڈروں نے بھی۔ عمران خان کی بہنوں نے اپنی دلیری سے تاریخ کا ایک چونکا دینے والا باب لکھا ہے۔ مگر پارٹی لیڈروں کی برسرِعام تحقیر سے فائدہ نہیں نقصان پہنچتا ہے۔ ہر تحریک کو ایک قائد کی ضرورت ہوتی ہے جو مشاورت سے فیصلے صادر کرے۔ عمران خان تو جیل میں ہیں۔ وہ لیڈر کون ہے اور وہ مشیر کہاں ہیں؟ یہ محض حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی مزاحمت نہیں، اس سے کہیں بڑی جنگ ہے۔ اڑھتالیس (48) برس سے ملک پر مسلط، عامیوں کے لہو پر پلنے والی نام نہاد اشرافیہ کے خلاف ایک ہمہ گیر معرکہ درپیش ہے۔ یہ جنگ فقط جذبات سے نہیں جیتی جا سکتی۔ کوئی بھی جنگ محض جذبات سے کبھی نہیں جیتی گئی۔

حقیقت پسندی، تدبر اور تنظیم درکار ہوتی ہے اور جامع منصوبہ بندی۔ فرمایا: جسے حکمت عطا کی گئی اسے خیرِ کثیر عطا کی گئی۔ تاریخ کا سبق یہ ہے کہ جذبات سے مغلوب کسی لشکر نے کبھی کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا۔
Loading X post…
Open original post on X
​
 
بڑی بات ھے چاچے نے کالم بغیر جرلن کیانی کی تعریف کے لکھ دیا
 
چاچا ٹٹیری سے پوچھنا چاھئیے جب پورے ملک میں فلسطین کا نام لینے پر پابندی ھے، کوئی جھنڈا تک نہی اٹھا سکتا، اسقدر گھٹن والے ماحول میں جمعیت اسلامی کو مظاہروں کا حق بغیر کسی محکمانہ کاروائی کے دینا۔۔یہ سب کیا ثابت کرتا ھے؟

کیا اس سے یہ ثابت ھوتا ھے کے ج۔اعت والے انتہائی مخلص اور سخت جان ھیں یا یہ کہ وہ بھی کتوں کے ساتھ ملے ھوئے ھیں اور ان کی مرضی سے مظاہرے کر رہے ھیں