Advertisement

جاز کی اربوں کی اوورچارجنگ:صارفین سے 6.58 ارب روپے زائد وصول

1755662009456.png

اسلام آباد: آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی حالیہ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک کی بڑی موبائل کمپنی جاز نے مالی سال 2023-24 کے دوران صارفین سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی منظور شدہ حد سے زائد رقم وصول کی۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے مختلف ہفتہ وار اور ماہانہ موبائل پیکجز کے نرخوں کی منظوری دی تھی، تاہم جاز نے ان نرخوں سے تجاوز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 6 ارب 58 کروڑ 30 لاکھ روپے زائد چارج کیے۔ آڈٹ میں منتخب پیکجز کے تقابلی تجزیے سے یہ فرق واضح طور پر سامنے آیا۔
Loading X post…
Open original post on X

مزید برآں، رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ پی ٹی اے نے جاز سمیت موبائل کمپنیوں کو ہر سہ ماہی میں نرخوں میں 15 فیصد تک اضافہ کرنے کی عمومی اجازت دی، جو صارفین کے حقوق کے تحفظ کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ اس پر پی ٹی اے کی ریگولیٹری نگرانی کو بھی ناکافی اور کمزور قرار دیا گیا۔

ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (DAC) نے پی ٹی اے کو ہدایت دی کہ وہ جاز کی جانب سے نرخوں میں اضافے کی مکمل تفصیلات آڈٹ حکام کو فراہم کرے، تاہم رپورٹ کے مطابق اتھارٹی مطلوبہ ریکارڈ دینے میں ناکام رہی۔

آڈٹ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ اس معاملے کی مفصل انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے تاکہ آئندہ صارفین کے مفادات کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔