بھارتی خفیہ ایجنسی کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
بھارتی خفیہ ایجنسی(را) کو معلومات دینے کے الزام میں گرفتار پانچ ملزمان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھارتی ایجنسی کو معلومات فراہم کرنے اور بدلے میں فنڈنگ لینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر پانچوں گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت جج نے ملزمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو اپنا ملک پیارا نہیں ہے؟ اس دھرتی نے آپ کو پالا پوسا ہے، آپ لوگوں کا مسئلہ کیا ہے ؟ کیس کے دوران ایسے ریمانڈ پر آنا جانا نہیں چلتا رہے گا۔
ملزمان نے جواب دیا کہ ہمیں ہمارا ملک پیارا ہے، ہمیں مسجد کے نام پر پیسے لینے پر پھنسایا گیا ہے، ہم نے ملک کی خدمت کی ہے۔
جسٹس ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے ہمارے ملک کی یہ قیمت ہے جو آپ نے کیا؟ اتنی بڑی رقم سامنےآئی، پیسہ یہیں رہ جائے گا، آپ کو احساس ہے کہ دنیا میں بھی جواب دینا ہے اور آخرت میں بھی، دنیا میں بہت لالچ ہے، آپ ایسی سوچ چھوڑ دیں، ہمارا ملک ، ہماری معیشت کمزور ہے،آپ سے درخواست ہے کہ دھرتی پر رحم کریں،ا چھے انسان بننے کی کوشش کریں۔
جسٹس ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے پانچوں ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے پانچوں ملزمان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را سےفنڈنگ لینے اور بدلے میں معلومات فراہم کرنے کےالزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9rawakajmadhiamamyat.png
Advertisement





