اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلوچ طلبہ لاپتہ کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست اس معاملے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں لاپتہ بلوچ طلبہ کے معاملے میں جبری گمشدگی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت ایڈووکیٹ ایمان مزاری، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیئے، دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا کیس اور حساس معاملہ ہے، مسنگ طلبہ کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھے۔
عدالت نے اس موقع پر وفاق کی جانب سے سفارشات پر عمل درآمد رپورٹ جمع کروانے کیلئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرلی اور کہا کہ امید ہے وفاقی حکومت کمیشن کی سفارشات کے تناظر میں ہی تحریری آرڈر پاس کرے گی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کے استفسار پر بتا یا کہ وفاقی حکومت کمیشن کی سفارشا ت پر عمل درآمد میں بالکل دلچسپی رکھتی ہے، اس معاملے میں تین چار اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے اور کہا کہ لاپتہ افراد کے خاندان آج بھی انہیں تلاش کررہے ہیں، یہ معاملہ بطور ایگزیکٹیو وفاقی حکومت نے ہی دیکھنا ہے،جسٹس اطہر من اللہ بھی اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ جاری کرچکے ہیں، وفاقی حکومت دیکھ لے، ریاست کو شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرنی ہے، وفاقی حکومت اپنی رپورٹ دے عدالت پھر دیکھے گی کہ معاملہ کہاں تک حل ہوا ہے۔
عدالت نے وفاقی حکومت سے 14 نومبر تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9hammadazhharatjksmnksjs.png
Advertisement





