- Joined
- Feb 10, 2020
- Posts
- 6,444
- Reaction score
- 5,189
- Points
- 178
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر اور حوالدار نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ 13 نومبر سے کالپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کالپور میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر گشت بھی جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔ میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جبکہ حوالدار محمد عدنان خان کوٹلی ستیاں کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ڈرونز، آئی ای ڈیز اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کر رہے ہیں، جبکہ بھارت انہیں مکمل مالی معاونت اور جدید ترین آلات فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز بدلتے ہوئے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی صورت کوئی جگہ نہیں دی جائے گی، چاہے وہ کوئی بھی راستہ اختیار کریں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔





