Advertisement

بدنام زمانہ گوانتاناموبے سے رہا ہونے والے دو بھائی پاکستان منتقل

5%DA%AFguamanatabhahapaalismunyaqol.jpg

امریکا نے کیوبا میں واقع بدنام زمانہ گوانتاناموبے جیل میں قید 2 بھائیوں کو پاکستان منتقل کر دیا۔ دونوں عبدالرحیم ربانی کو القاعدہ کے لیے سہولت کاری جبکہ اس کے بھائی محمد احمد غلام ربانی کو القاعدہ کے اہم رہنما کو مالی اور سفری سہولت فراہم کرنے کے الزام میں 2002 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے پینٹاگون کے حوالے سے بتایا ہے گوانتاناموبے جیل سے 2 پاکستانی کو ان کے ملک بھیجوادیا گیا ہے۔ پینٹاگون کی ویب سائٹ کے مطابق ان قیدیوں کی رہائی گوانتانا موبے میں قیدیوں کی تعداد میں بتدریج کم کرنے کے لیے کی گئی ہے تاکہ تمام قیدیوں کی رہائی کے بعد اس جیل کو مستقل طور پر بند کیا جاسکے۔

بیان میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی تعداد کو کم کرکے گوانتاناموبے کو بند کرنے کی امریکی کوششوں کی حمایت پر حکومت پاکستان اور دیگر شراکت داروں کو سراہتے ہیں۔


گوانتاناموبے میں اب صرف 32 قیدی رہ گئے ہیں جن میں سے 18 کی رہائی پر کام مکمل ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ نیویارک میں 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملے کے بعد ریپبلکن پارٹی کے رہنما اور سابق امریکی صدر جارج بش نے کیوبا کے جزیرے گوانتاناموبے میں یہ جیل بنوائی تھی۔

Loading X post…
Open original post on X

امریکی چینل "سی این این" کی ایک رپورٹ کے مطابق گوانتاناموبے میں 2001 کے بعد 40 ممالک کے 750 افراد کو قیدی بنایا گیا تھا۔ ان قیدیوں کو انتہائی خطرناک قرار دے کر کسی بھی قسم کی قانونی مدد کے بغیر قید کیا گیا اور ان سب کے ساتھ انتہائی انسانیت سوز رویہ اختیار کر کے بدترین تشدد کا نشانہ کیا گیا۔