14 سالہ بچی پر جج کی اہلیہ کے مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، رضوانہ کی والدہ نے اس حوالے سے اہم تفصیلات شیئر کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رضوانہ کی والدہ شمیم بی بی نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سات ماہ قبل جس زمیندار کے گھر میں کام کرتی تھی انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک عزیز کو ملازمہ کی ضرورت ہے، تم اپنی چھوٹی بیٹی کو بھیج دو، اچھے لوگ ہیں ، بچی پڑھتی بھی رہے گی اور گھر کا چھوٹا موٹا کام کاج بھی کردیا کرے گی۔
شمیم بی بی نے کہا کہ میں نے زمیندار کی بات پر بھروسہ کرتے ہوئے بچی کو یہ دیکھے بغیر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا کہ جہاں بچی جارہی ہے وہ لوگ کیسے ہیں، میری بچی کو اسی زمیندار نے خود اسلام آباد چھوڑا، ہمیں ہر ماہ بچی کی ملازمت کےعوض اس زمیندار سےہی 10 ہزار روپے مل جاتے تھے، ہمیں بس اتنا بتایا گیا کہ رضوانہ کسی جج کے گھر پر کام کرتی ہے۔
آنکھوں میں آنسو لیے زمین پر بیٹھ کر دکھ بھری داستان سناتےہوئے شمیم بی بی نے کہا کہ بچی کے اسلام آباد پہنچتے ہی دوسرے دن سے اس پر تشدد شروع ہوگیا، ہماری کبھی کبھار رضوانہ سے فون پر مختصر سی بات چیت ہوجاتی تھی، ہمیں کہا جاتا کہ لمبی بات کرنے پر رضوانہ گھر جانے کی ضد کرنے لگتی ہے، رضوانہ فون پر بات کرتے ہوئے بھی گھر واپس آنے کا کہتی تھی۔
ہمیں چند روز قبل اس زمیندار نےبتایا کہ ان کے عزیز کہہ رہے ہیں کہ رضوانہ کام کاج نہیں کرتی اسے واپس لے جاؤ، میں رضوانہ کو لینے کیلئے بذریعہ بس اسلام آباد گئی، مجھے بس اسٹینڈ پر رکنے کا کہا گیا اور کہا کہ بچی کو وہی لایا جارہا ہے،چار گھنٹے انتظار کے بعد ایک گاڑی آئی، اندھیرا ہوچکا تھا ، رضوانہ اگلی سیٹ پر بیٹھی تھی اور اس نے دوپٹہ اوڑھ رکھا تھا۔
شمیم بی بی نے کہا کہ رضوانہ جن کے گھر میں کام کرتی تھیں وہ باجی بھی ساتھ تھیں، انہوں نے بچی کو نیچےاتارا اور مجھے کہا کہ "پکڑو اپنا گند" اورگاڑی بھگا کر لے گئیں، میں نے جیسےہی رضوانہ کا ہاتھ پکڑا ، درد کی شدت سے اس کی چیخ نکل گئی، میں نے جب اس کا دوپٹہ ہٹایا تو اس کے سر اور آنکھوں کی حالت دیکھ کر میرے اوسان خطا ہوگئے، مجھے رضوانہ نے بتایا کہ باجی نے مجھے بہت مارا ہے۔
رضوانہ کی والدہ نے کہا کہ بچی کے زخموں سے بدبو اٹھ رہی تھی، اس میں کیڑے چل رہے تھے، وہ بری طرح رورہی تھی اور ہم بس اسٹینڈ پر کھڑے تھے، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں کیا کروں، ہم بس میں سوار ہوکر سرگودھا کی طرف لوٹ پڑے، میری بیٹی میں چلنے ، اٹھنے بیٹھنے کی بھی سکت نہیں تھی، بس اسٹینڈ پر موجود لوگوں نے بچی کو اٹھا کر بس میں سوار کروایا۔
شمیم بی بی نے کہا کہ رضوانہ نے بتایا کہ باجی نے دوسرے دن سے ہی مارنا شروع کردیا تھا، جب میں کھڑی نہیں ہوسکتی تھی تو باجی میرے زخموں پر مارتی تھیں تو میں خودبخود آگے بڑھ جاتی تھی، باجی میری انگلیاں پھنسا کر پیچھے مروڑ دیتی تھیں، باجی اپنے بڑے بڑےناخن میری آنکھوں میں گھسیڑ دیتی تھیں، مجھے زخمی حالت میں بھی گھر کے اندر سونے نہیں دیا جاتا تھا بلکہ باہر لان سونے کا کہا جاتا تھا، جہاں اکثر بارش ہوجاتی تھی۔
اسلام آباد میں سول جج کےگھر میں ملازمت کرنے والی رضوانہ اس وقت لاہور کے جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے، رضوانہ کےجسم میں آکسیجن لیول کو مانیٹر کیا جارہا ہے کیونکہ رضوانہ کے سر، کمر،بازو ، چہرے اور جسم کےد وسروں حصوں میں لگی چوٹوں میں بننے والے انفیکشن نے اس کے پھیپھڑوں کو متاثر کیا ہے۔
منگل کے روز ڈاکٹر نے رضوانہ کا معائنہ کرنے کے بعد اگلے 48 گھنٹوں کو رضوانہ کیلئے اہم قرار دیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5rizwananwalldbbbch.jpg
Advertisement





