Advertisement

باجوڑ:غیر ملکی خاتون کی پاکستان آمد کی جعلی خبر دینے والا نوجوان گرفتار

4bajajunojawanarrest.jpg

سوشل میڈیا پر غیر ملکی خاتون کی آمد کی جھوٹی خبر چلانا نوجوان کو مہنگا پڑا، باجوڑ میں پولیس نے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا، حالیہ دنوں میں بھارت، چین اور چلی کی خواتین پاکستانی لڑکوں کی محبت میں پاکستان آچکی ہیں۔

باجوڑ کی تحصیل سالار زئی کے علاقے تلی کے رہائشی محمد گلاب نے اپنے دوست کے بارے میں مذاق کے طور پر پوسٹ کی تھی کہ ایک برطانوی دوشیزہ ایلا اپنے محبوب سے ملنے کیلئے تلی سلار زئی پہنچ چکی ہے۔

خبر وائرل ہونے کے بعد پولیس غیر ملکی دوشیزہ کو سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے ان کے گھر پہنچی تو معلوم ہوا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ جس کے بعد پولیس نے محمد گلاب کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اس کو فوری طور پر گرفتار کرلیا۔

F2Q3ewdaMAA_d9q


ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے مذکورہ جھوٹی پوسٹ کا سختی سے نوٹس لیتے سوشل میڈیا صارف محمد گلاب کو گرفتار کرکے انکے خلاف متعلقہ سیکشن کے تحت مقدمہ درج کر کے پابندِ حوالات کردیا ہے۔

تھانہ سالار زئی میں درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو ابتدائی معلومات کے بعد پتہ چلا کہ پوسٹ جھوٹی تھی۔ محمد گلاب نے اپنے دوست کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ برطانوی دوشیزہ کی باجوڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد اسحاق کی محبت میں باجوڑ پہنچ گئی ہے۔

F2Q4ZaqbMAI6oBj


ایف آئی آر کے مطانق پوسٹ وائرل ہونے کے بعد پولیس غیر ملکی دوشیزہ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے محمد اسحاق کے گھر پہنچی تو پتا چلا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔ خبر غلط ہونے پر پولیس نے پوسٹ کرنے والے نوجوان محمد گلاب کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔

اہل علاقہ نے محمد گلاب کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے، طنز و مزاح کی خبریں چلنا روز کا معمول بن چکا ہے،پولیس پہلے با وثوق ذرائع سے تصدیق کرے اور اپنے افسران بالا سے ہدایات لیکر کارروائی کرے،اگر آئندہ ایسا کوئی واقعہ ہو تو پولیس کو چاہیے کہ علاقے کے مشران سے بھی تصدیق کرے تاکہ اہل علاقہ کیلئے مسائل کھڑے نہ ہوں۔

پولیس نے واضح کیا سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانا قانوناً جرم ہے۔ تمام سوشل میڈیا صارفین اس قسم کے حرکات سے گریز کریں اور ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں ورنہ قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Loading X post…
Open original post on X

چند روز قبل پاکستانی لڑکے کی محبت میں شادی شدہ بھارتی لڑکی دیر بالا پہنچی تھی،35 سالہ انجو کا تعلق دہلی سے اور 29 سالہ نصراللہ دیر بالا کے رہائشی ہیں،بھارتی خاتون انجو پرساد نے اپنے پاکستانی عاشق نصراللہ سے شادی کرنے کے لیے اسلام قبول کیا ہے اور اب انہیں اپنے اسلامی نام فاطمہ کے نام سے جانا جاتا ہے، انہیں ملک کی ایک ہاؤسنگ کمپنی نے زمین اور رقم بھی تحفے کے طور پر دی۔

بھارت کے بعد چین کی لڑکی بھی خیبر پختونخوا کے لڑکے کی محبت میں پاکستان پہنچی۔ لڑکی نے اسلام قبول کرکے باجوڑ کے جاوید سے نکاح کیا،18 سالہ چینی لڑکی گوا فینگ کی جاوید سے سنیپ چیٹ پر 3 سال پہلے دوستی ہوئی، جو محبت میں بدل گئی، اور اس محبت کو ازدواجی زندگی میں تبدیل کرنے گوافینگ دیر لوئر پہنچی۔

بھارت اور چین کے بعد جنوبی امریکی ملک چلی سے آئی خاتون اور پاکستانی نوجوان کی کہانی بھی سامنے آئی،چارسدہ آنے والی چھتیس سالہ نیکولی آنار اگلسالوس نے اپنا اسٹیٹس تبدیل کرلیا ہے، انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد چارسدہ کے رہائشی اکرام اللہ سے شادی کرلی ہے۔

اکرام اللہ نے نمائندہ آج نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہماری دوستی سوشل میڈیا پر رابطے کے دوران ہوئی تھی، میں ٹک ٹاک بناکر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتا تھا،اکرام کا مزید کہنا تھا کہ نورین ہسپانوی زبان بولتی ہے اور مجھے اپنے ساتھ امریکا لے کر جانا چاہتی ہے۔