- Joined
- Feb 10, 2020
- Posts
- 6,444
- Reaction score
- 5,189
- Points
- 178
راولپنڈی میں اینکر پرسن ربیعہ احسن کی ہلاکت کے واقعے میں پولیس نے گرفتار شوہر احسن کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، جبکہ دوسری جانب مقتولہ کے اہل خانہ نے شوہر کے خلاف درج قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں واقع رہائش گاہ سے ربیعہ احسن کی لاش برآمد ہوئی تھی، جنہیں گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی۔ واقعے کے بعد ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں ان کے شوہر کے خلاف تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ پولیس نے شوہر کو فوری طور پر حراست میں لے لیا تھا۔
Loading X post…
Open original post on Xپولیس نے گھر کے ایک کمرے سے 30 بور پستول بھی برآمد کیا تھا۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ تفتیش کے دوران ربیعہ احسن کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ پستول سے گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔
پولیس نے گرفتار ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
دوسری جانب ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ اہل خانہ نے قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق وہ، ان کی والدہ اور بہن اس بات پر متفق ہیں کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھا۔
خرم احمد کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت وہ گھر میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کی والدہ، بہن اور گھر کا ملازم وہاں موجود تھے۔ ملزم احسن نے انہیں بتایا کہ وہ الماری سے کپڑے نکال رہے تھے کہ وہاں موجود پستول ہاتھ میں لینے کے دوران اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن کے قریب لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر جب وہ گھر پہنچے تو والدہ اور بہن نے بتایا کہ واقعے سے قبل دونوں میاں بیوی کمرے میں گئے تھے، اس سے پہلے وہ سب صحن میں موجود تھے اور بظاہر دونوں کے درمیان کوئی ناچاقی نہیں تھی۔
خرم احمد نے ملزم احسن کو اپنا جاننے والا اور شریف آدمی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔
پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی شادی کو 14 سال ہو چکے تھے اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں اہل خانہ، بیٹیوں، بہن اور والدہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو تنازع یا ناچاقی کی نشاندہی نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھنے اور سردیوں کے کپڑے نکالنے کے دوران کپڑوں میں موجود 30 بور پستول باہر نکلا تھا۔ گھر کے ایک ملازم نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا کہ اسی دوران گولی چل گئی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی، جو ان کی موت کا سبب بنی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا 30 بور پستول بظاہر بغیر لائسنس ہے، جبکہ واقعے سے متعلق فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی جانب سے میاں بیوی کے درمیان کسی جھگڑے یا اختلافات کی نشاندہی نہ ہونے کے باوجود واقعے کی تحقیقات قتل کے مقدمے کے تناظر میں جاری رہیں گی اور تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حتمی نتیجہ فرانزک، پوسٹ مارٹم اور دیگر تفتیشی شواہد کی روشنی میں سامنے آئے گا۔
ادھر ربیعہ احسن کی نماز جنازہ جامع مسجد گلش آباد میں ادا کردی گئی۔
Loading X post…
Open original post on XLoading X post…
Open original post on XLoading X post…
Open original post on X
Last edited by a moderator:





