Advertisement

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو 10 سال سزا کے بعد اچانک ریکارڈ آگیا

جب تیسرے مُقدمے میں سزا دلوا لی تو ریکارڈ بھی پیش ہوگیا اور ضمانت بھی مل گئی، کیا بےشرم اور جبر کا سہولتکار عدالتی نظام ہے
منگل کے روز انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے اس مقدمے کی سماعت کی جہاں پولیس کی جانب سے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل علی آزاد نے عدالت کو بتایا کہ ’آج ریکارڈ آ گیا ہے۔‘
جج نے فریقین سے استفسار کیا کہ آیا وہ مزید کچھ کہنا چاہتے ہیں، تاہم فوراً بعد ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا: ’چلیں رہنے دیں، ضمانت منظور۔‘
عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت پانچ، پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی ہے۔
Loading X post…
Open original post on X

جس ریکارڈ کی عدم دستیابی کو بنیاد بنا کر جج ابو الحسنات ذوالقرنین ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ مؤخر کرتے رہے، آج جب وہی ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا تو بظاہر اس کا ایک لفظ تک پڑھے بغیر ضمانت منظور کر لی گئی۔

یہاں اہم سوال عدالتی فیصلے سے زیادہ اس کی ٹائمنگ اور مقدمات کی سماعت میں اختیار کیے گئے مختلف طرزِ عمل کا ہے۔

جس مقدمے میں دونوں میاں بیوی کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی، وہ بیریئر ہٹانے کا مقدمہ ہے، جبکہ آج جس مقدمے میں ضمانت منظور ہوئی، وہ احتجاج سے متعلق مقدمہ ہے، جس میں بعد ازاں ہاتھ سے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 (سیون اے ٹی اے) کا اضافہ کیا گیا۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ درخواستِ ضمانت کی سماعت میں مسلسل دو، دو ہفتوں کی تاریخیں دی جاتی رہیں، جبکہ دوسری جانب جج طاہر سپرا کی عدالت میں ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلایا گیا، یہاں تک کہ دونوں کو دس، دس سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

گزشتہ پیشی پر ہی یہ تاثر مضبوط ہو گیا تھا کہ جیسے ہی طاہر سپرا کی عدالت ٹرائل مکمل کرکے سزا سنائے گی، جج ابو الحسنات ذوالقرنین احتجاج والے مقدمے میں ضمانت منظور کر لیں گے۔

اب سوال یہ ہے کہ اگر ضمانت منظور کرنے کے لیے ریکارڈ کا انتظار ضروری تھا تو ریکارڈ پیش ہونے کے بعد اس کا تفصیلی جائزہ کیوں ضروری نہ سمجھا گیا؟ اور اگر ضمانت کی قانونی بنیاد پہلے سے موجود تھی تو فیصلہ اتنے عرصے تک مؤخر کیوں رکھا گیا؟

عدالتی کارروائی میں انصاف ہونا ہی کافی نہیں، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا بھی ضروری ہے۔ ضمانت اور ٹرائل کے مقدمات میں سماعت کی رفتار کا یہ واضح فرق عدالتی ترجیحات، طریقۂ کار اور انصاف کی بروقت فراہمی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات پیدا کرتا ہے۔

کیا یہ محض اتفاق ہے کہ ایک مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد دوسرے مقدمے میں ضمانت منظور ہوئی، یا اس ٹائمنگ کی کوئی قابلِ وضاحت قانونی وجہ بھی موجود ہے؟
Loading X post…
Open original post on X
​