امریکا کے ساتھ تجارتی پیش رفت: پاکستان نے آن لائن پلیٹ فارمز پر عائد 5 فیصد ٹیکس ختم کر دیا
اسلام آباد: پاکستان نے امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے کی راہ ہموار کرتے ہوئے ڈیجیٹل اشیاء اور خدمات فراہم کرنے والی غیرملکی کمپنیوں پر عائد پانچ فیصد ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت یکم جولائی سے اس فیصلے کا اطلاق ہو چکا ہے۔
ٹیکس استثنیٰ کا اطلاق صرف امریکی کمپنیوں تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کی تمام ایسی ڈیجیٹل فرمز پر ہوگا جو پاکستان میں بغیر دفتر کے اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت پر ہوئی ہے جب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت میں پاکستانی وفد امریکا میں تجارتی مذاکرات میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی مذاکرات کے دوران امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک نے یہ معاملہ اٹھایا اور پاکستان پر دباؤ ڈالا کہ وہ امریکی ٹیک کمپنیوں پر عائد پانچ فیصد ٹیکس ختم کرے، کیونکہ یہ ٹیکس گوگل، میٹا، ایمیزون، مائیکروسافٹ، نیٹ فلیکس اور دیگر اداروں کو مالی طور پر متاثر کر رہا تھا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، ٹیکس کی یہ چھوٹ پاکستان کو اربوں روپے کے محصولات سے محروم کر دے گی۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ پاکستان کو فنڈ کے ممکنہ اعتراضات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ یہ ٹیکس ان کمپنیوں پر لاگو تھا جو پاکستان میں کسی فزیکل آفس کے بغیر ڈیجیٹل مصنوعات یا خدمات فراہم کر رہی تھیں۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک شق کے ذریعے وفاقی کابینہ کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ مخصوص صورتوں میں ٹیکس معافی دے سکتی ہے، اور اسی اختیار کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام امریکی دباؤ کے تحت پاکستان کے تجارتی مفادات کو ترجیح دینے کی کوشش ہے، تاہم اسے مقامی سطح پر محصولات میں کمی اور پالیسی خودمختاری پر سمجھوتے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس فیصلے کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کی راہ مزید ہموار ہو سکتی ہے۔
Last edited by a moderator:
Advertisement





