Advertisement

امریکا میں وسط مدتی انتخابات، متعدد پاکستانی نژاد امریکی شہری کامیاب

3usmidtermpakistani.jpg

8 نومبر کو امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ یہ برسراقتدار پارٹی اور وائٹ ہاؤس کے مکین کے مستقبل کا بھی احاطہ کر دیں گے۔ ان کی ووٹنگ کا وقت ختم اور گنتی کا عمل جاری ہے جس کے سامنے آنے والے نتائج میں کئی پاکستانی نژاد امریکی شہری کامیاب ہوئے ہیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستانی امریکن سلمان بھوجانی ٹیکساس ریاستی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ ایک اور پاکستانی امریکن ڈاکٹر سلیمان لالانی کے رکنِ ٹیکساس ریاستی اسمبلی منتخب ہونے کا امکان روشن ہے۔


پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود پر حریف یونگ کم کو برتری حاصل ہے۔ جبکہ علی سجاد تاج مسلسل تیسری بار آرٹیشیا شہر کے میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ علی سجاد تاج کیلیفورنیا میں ڈیمو کریٹک پارٹی ڈیلیگیٹ بھی ہیں، انہوں نے مسلسل 3 بار میئر بن کر ہیٹ ٹرک کر دی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی انتخابات میں اب تک ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن کو 191 اور ڈیموکریٹس کو 167 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔


ان انتخابی نتائج کے بعد سینیٹ میں ری پبلکنز کی 46 اور ڈیمو کریٹس کی 47 نشستیں ہونے کا امکان ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز کی برتری کا امکان زیادہ ہے۔

کانگریس میں طاقت کا توازن ری پبلکنز کے پلڑے میں آیا تو ڈونلڈ ٹرمپ کی پوزیشن مضبوط ہو گی جس سے صدر جو بائیڈن کے لیے اگلے 2 سال مشکل ہو جائیں گے۔

اگرچہ امریکی صدر جو بائیڈن خود تو ابھی اسی دوڑ میں نہیں ہیں مگر یہ وسط مدتی انتخابات ان کے مستقبل کا فیصلہ ضرور کریں گے۔ یہی انتخابات فیصلہ کرتے ہیں کہ کانگریس کے ساتھ ساتھ ریاستی مقننہ اور گورنر کے دفاتر کی اکثریت کس کے حصے میں آتے ہیں۔