Advertisement

الیکشن عمل متنازع ہوچکا، شفاف انتخابات نظر نہیں آرہے، چوہدری منظور

1702708657334.png


پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری منظور حسین نے کہا ہے کہ الیکشن کا عمل متنازع ہوچکا، شفاف انتخابات نظرنہیں آرہے,جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران چوہدری منظور نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے، جس نے الیکشن شیڈول جاری کرنے کےلیے دباؤ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اس وقت مسلم لیگ ن کی بی ٹیم بنے ہوئے ہیں,عام انتخابات شفاف ہوتے نظر نہیں آرہے، الیکشن کا عمل پہلے سے ہی متنازع ہوچکا ہے, سندھ میں متحدہ قومی موومنٹ کے کہنے پر صوبائی الیکشن کمشنر تبدیل کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا اور الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار عمیر نیازی کو نوٹس جاری کردیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سینیئر ججز سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کوکالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی اور کہا گیا کہ سپریم کورٹ 8 فروری کوانتخابات کرانے کے فیصلے پرعمل درآمد کرائے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ شامل تھے جبکہ عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی گئی۔

اپیل پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی سے استفسار کیا کہ کیا جلدی تھی کہ اس وقت آنا پڑا؟ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات 8 فروری کو کرانے کے لیے آج درخواست لازم تھی,چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر میں فلائٹ پر نکل جاتا تو کیا ہوتا؟ خیر آئینی ذمہ داری ہے پوری کرنی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، ریٹرننگ افسران 19دسمبر کو پبلک نوٹس جاری کریں گے,شیڈول کے مطابق عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 20 تا 22 دسمبر جمع کرائے جاسکیں گے، امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں 23 دسمبر کو جاری ہوں گی۔

امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہو گی، کاغذات نامزدگی کیخلاف اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آج ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے نام مراسلہ بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسروں کی ٹریننگ 17 تا 18 دسمبر ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مراسلے کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ایک روزہ ٹریننگ 19 دسمبر کو بھی ہو گی۔