افغانستان کے لیے درآمد کی جانے والی اشیاء سمگل ہونے کے بعد پاکستان میں ہی فروخت ہوتی رہیں: رپورٹ
کسٹمز انٹیلی جنس نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے باعث ملک کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس کی طرف سے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے باعث پاکستان کو غیرمعمولی نقصانات برداشت کرنا پڑے۔ افغان امپورٹس سمگل ہونے کے بعد پاکستان میں ہی فروخت ہوتی رہیں۔
کسٹمز حکام کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 25 کروڑ آبادی کے مقابلے میں افغانستان کی آبادی صرف 5 کروڑ ہے۔ افغانستان کی 5 کروڑ آبادی کیلئے پاکستان کے راستے ہونے والی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بہت زیادہ ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی درآمدی قدر کے اعدادوشمار پاکستان کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لیے 2022-23ء میں 84 ملین اور افغانستان کیلئے 404 ملین ڈالر کے ٹائر درآمد ہوئے۔ افغانستان میں بلیک ٹی استعمال نہیں ہوتی لیکن پچھلے مالی سال کے دوران 89 ملین ڈالر کی چائے درآمد ہوئی۔
رواں مالی سال میں پاکستان نے 83 ملین ڈالر کا کپڑا اور 12 ملین ڈالر کے ٹائرز امپورٹ کیے جبکہ افغانستان کیلئے کچھ مہینوں میں 440 ڈالر کا کپڑا اور 92 ملین ڈالر کے ٹائرز امپورٹ ہوئے۔
پاکستان نے مالی سال 2021-22ء میں 492 ملین کا کپڑا، 225 ملین ڈالر کے ٹائرز امپورٹ کیے۔ افغانستان نے اسی عرصے میں 1416 ملین ڈالر کا کپڑا، 235 ملین ڈالر کے ٹائرز درآمد کیے۔
کسٹمز انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق اصل میں افغانستان کے لیے درآمد کی جانے والی اشیاء سمگل ہونے کے بعد پاکستان میں ہی فروخت ہوتی رہیں اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے باعث پاکستان کو غیرمعمولی نقصانات برداشت کرنے پڑے۔ریاست کے سخت ترین اقدامات کی وجہ سے اب صورتحال میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے کنتینرز پاکستان میں کی سرحد پر ہی کھلتے رہے اور پاکستان کو نقصان ہوتا رہا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سامان افغانستان سے سمگل ہونے کے بعد پاکستان بھر میں فروخت ہوتا رہا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کو بڑے پیمانے پر معاشی تباہی وبربادی کا سامنا کرنا پڑا۔
Advertisement





