Advertisement

افغانستان سے اطلاعات خوفناک۔ 37 لاکھ مائیں بچےبھوک سےبلک رہے:ہارون الرشید

ناتمام
ہارون الرشید
افغانستان سے آنے والی اطلاعات خوفناک ہیں۔ 37 لاکھ مائیں اور بچے بھوک سے بلک رہے ییں۔ حتیٰ کہ بعض خاندانوں نے اپنے بچے بیچ دیے۔
بیتے سرما میں ہزاروں بچے چپ چاپ موت کے منہ میں اتر گئے۔ پاکستان میں ہزاروں لوگ ایسے ہیں جو ان کی مدد کے لئے تیار ہوں گے۔ سیلاب اور بلوچستان کی قحط سالی کے علاوہ زلزلوں میں اخوت، الخدمت اور الرشید ٹرسٹ جیسے اداروں نے لاکھوں افراد کو ٹھنڈ ، بھوک اور سفاک موسموں سے بچایا۔
پندرہ برس پہلے جب پاکستانی افواج نے سوات میں دہشت گروں کے خلاف اچانک کارروائی کی تو لاکھوں افراد کو پا پیادہ ہجرت کرنا پڑی ۔ ان میں سے بہت سوں کو پختونخوا کے مکینوں نے اپنے گھروں میں پناہ دی یا اپنے حجروں اور کھیتوں میں ۔ انہیں کھیلا پلایا اور تین ماہ تک ان کی نگہداشت کی، حتیٰ کہ لوگ اپنے عافیت کدوں کو لوٹ گئے۔
اس سے پہلے 2000 میں بلوچستان کی خشک سالی اور پھر اکتوبر 2005 کے زلزلے میں بھی قوم اسی والہانہ جذبے سے بروئے کار آئی تھی ۔ زیادہ عطیات کراچی سے ائے۔ لاہور، فیصل آباد ، سیالکوٹ اور گوجرانولہ سمیت پنجاب کے شہروں سے بھی خوراک سے لدے ٹرک ایسی تیز رفتاری سے آزاد کشمیر اور پختونخوا پہنچے کہ بعض اوقات ٹریفک جام ہو جاتی۔
فرق یہ ہے کہ اس وقت یہ سب کچھ ہمارے سامنے تھا۔ ٹی وی چینل ایک ایک زخم دکھا رہے تھے،امدادی سرگرمیوں کی تفصیل بھی ۔

اب یہ المیہ سرحد پار برپا ہے۔ غزہ کی طرح۔
غزہ سے ایک اور مشابہت اس المیے کی یہ ہے کہ مسلم حکمران بے نیاز تھے۔ اسرائیل نے سرحدیں بند کر رکھی تھیں۔ اس کے باوجود کئی پاکستانی تنظیموں نے فلسطینیوں تک کچھ نہ کچھ پہنچا ہی دیا۔ کچھ نے ترکوں اور کچھ نے مصریوں کی مدد سے۔
افغانستان میں صیہونی درندے حائل نہیں ۔ امدادی ٹیموں کی زندگیاں خطرے میں نہیں پڑتیں۔ بایں ہمہ دنیا کا کوئی ملک افغانستان کو تسلیم نہیں کرتا۔ مزید برآں اپنے تلخ تجربات کی بنا پر افغان طالبان ہر فلاحی تنظیم کو ملک میں داخل ہونے کی کھلی چھٹی دینے پر آمادہ نہیں۔

اس کا مطلب کیا یہ ہے کہ لاکھوں لوگوں کو مرنے کےئے چھوڑ دیا جائے۔ پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کو شکایت ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد ملک میں داخل ہوتے اور بے گناہوں کو قتل کرتے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں قحط پڑا تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سونے کی پانچ سو اشرفیاں ان لوگوں کو بھیجیں جو سرکار اور آپ کے رفقا کے خون کے پیاسے تھے ۔نجد کے مسلمان قبائلی سردار نے مکہ مکرمہ کے لئے گندم کی رسد روک دی تھی ۔ آپ نے اسے پیغام بھیجا کہ ہرگز وہ ایسا نہ کرے۔
بیت المقدس کی فتح کے ہنگام صلاح الدین ایوبی نے معمولی جرمانے کے عوض تمام مسیحی باشندوں کی جاں بخشی کر دی اور شہر سے سے جانے کی اجازت دی۔

گھوڑے پر سوار وہ انخلا کی نگرانی کر رہا تھا، جب اس نے آہ بکا کی آوازیں سنیں"یہ وہ لوگ ہیں" اسے بتایا گیا" جو معمولی جرمانہ بھی ادا نہیں کر سکتے" ۔ ان میں سے بعض کاجزیہ صلاح الدین نے ادا کیا۔ اس کے
بھائی اور دوسروں نے سلطان کی پیروی کی ۔

مورخ ہیرالڈ لیم ے لکھا ہے کہ نوے برس پہلے صلیبیوں نے یروشلم پر قبضہ کیا تو ان کے گھوڑوں کے ٹخنے لہو میں ڈوب گئے تھے۔ اب پاکستان سمیت کسی مسلم ملک کو افغانستان کے ٹھنڈ اور بھوک سے مرنے والوں کی پرواہ ہے اور نہ غزہ کے ستر ہزار بچوں کا ملال ، جن کے چیتھڑے بکھیر دئے گیے ۔
دہشت گردی اپنی جگہ اور اس کے سد باب میں سخت گیری بھی بجا مگر بھوک سے مرنے والے بچے اور ان کی بلکتی ہوئی مائیں تو اس المیے کی ذمہ دار نہیں۔

پاکستانی اسٹیبلشمنٹ نے جن افغان باشندوں کو افغانستان میں واپس بھیجا، ہزار جواز اس کے لئے پیش کئے جا سکتے ہیں۔ بعض ان میں یقیناً درست بھی ہوں گے۔مگر بھوک سے مرنے والوں کے لئے بھی توکچھ کیا ہوتا۔
سرزمین شام پہ قیامت ٹوٹی تو ترکیہ کے سوا کسی مسلم ملک نے انہیں پناہ دینے سے انکار کر دیا۔ فلسطینیوں کے ساتھ اس سے بدتر سلوک کیا گیا۔ شامیوں کو ہنسی دی تو جرمنی نے، جس طرح اموی حکومت کے خاتمے پر سرزمین سندھ نے انہیں گوارا کیا تھا۔

۔کیا یہ ہے ہمارا اسلام اور کیا یہ یے درود بھیجتے مسلمانوں کا عالم ۔کوئی مدد پہنچی ہے تو اقوام متحدہ ،یورپ اور امریکہ سے ۔مسلمان لمبی تان کر سوئے پڑے ہیں۔ پاکستانی فوج آسانی سے اپنا چند دن کا راشن افغانستان بھیج سکتی ہے، جس طرح 2005 کے زلزلہ زدگان اور بلوچستان میں خشک سالی کے مارے مکینوں کو دیا تھا۔ ٹی وی چینل اور اخبارات ایک تحریک اٹھا سکتے ہیں۔اخوت اور الخدمت سمیت کتنی ہی تنظیمیں بروئے کار آ سکتی ہیں۔ عید الاضحیٰ پر سعودی عرب میں لاکھوں جانور ذبح کئے جاتے ہیں۔ ان کا گوشت ہزاروں زندگیاں بچا سکتا ہے۔کیا کوئی سنے گا۔ کیا کوئی مدد کو آئے گا یا افغان بچے اسی طرح تڑپ تڑپ کر مرتے رہیں گے۔
​

Loading X post…
Open original post on X