
قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت میں نوسر باز سرگرم، جعلی نوٹوں سے بیوپاریوں کو لوٹنے لگے
عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے دوران نوسر باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور جانور فروخت کرنے والے بیوپاریوں کو جعلی نوٹوں سے لوٹنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمد میں چند روز باقی رہ گئے ہیں، ملک بھر میں لوگ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے جانوروں کی خرید و فروخت میں مصروف ہیں، تمام بڑے و چھوٹے شہروں میں جانوروں کی منڈیاں سج گئی ہیں جہاں جانوروں کی خرید وفروخت کا عمل جاری ہے۔
https://twitter.com/x/status/1801187232461492632
اس سارے عمل کے دوران نوسر باز اور دھوکے باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور جعلی نوٹوں کی ریل پیل بھی نظر آرہی ہے، جعلی نوٹوں سے جانور فروخت کرنے والے بیوپاریوں کو لوٹنے کے واقعات بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ اسلام آباد کی مویشی منڈی میں سامنے آیا جہاں نوسر بازوں نے 86 ہزارروپے کے دو بکرے خرید کر بیوپاری کو جعلی نوٹ دیئے اور رفو چکر ہوگئے۔
متاثرہ بیوپاری کا کہنا ہے کہ رات دو بکرے فروخت کیے، ڈیڑھ لاکھ روپے ڈیمانڈ کی بھاؤ تاؤ کے بعد 86 ہزار روپے میں سودا ہوگیا، گاہک نے پانچ پانچ ہزار کے نوٹ دیئے اور بکرے لے کر چلے گئے، جب منڈی کی پرچی کیلئے پیسے دینے گیا تو اس نے کہا نوٹ جعلی ہے، جس کے بعد اسے سارے نوٹ چیک کروائے گئے تو پتا چلا کہ سارے نوٹ ہی جعلی ہیں۔
بیوپاری نے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں، ادھار مال لے کر منڈیوں میں آتے ہیں اتنا بڑا نقصان برداشت نہیں کرسکتے ، متعلقہ حکام مدد کریں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/chon1h11i2.jpg