- Joined
- Dec 26, 2014
- Posts
- 10,923
- Reaction score
- 7,750
- Points
- 218
امریکی کانگریس کے دوطرفہ گروپ سے تعلق رکھنے والے ارکان نے منگل کے روز وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو خط لکھ کر ان سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی حراست کا معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عمران خان اگست 2023 سے قید ہیں اور اس وقت 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ انہیں 9 مئی 2023 کے احتجاج سے متعلق انسدادِ دہشت گردی ایکٹ (ATA) کے تحت زیرِ التوا مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ ان کی جماعت دورانِ حراست ان کی صحت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے باقاعدگی سے تشویش کا اظہار کرتی رہی ہے۔
آج ایکس پر پی ٹی آئی کے امریکی اکاؤنٹ نے قانون سازوں کی جانب سے مارکو روبیو کو لکھا گیا خط پوسٹ کیا۔
خط میں کہا گیا، ’’ہمیں سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ عمران خان کی راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں حراست کی صورتحال اور دورانِ حراست ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش ہے۔‘‘
خط میں کہا گیا کہ دسمبر 2025 میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے تشدد کی جانب سے جاری کی گئی ایک مراسلت کے مطابق عمران خان کو ’’بین الاقوامی اصولوں سے تجاوز کرتے ہوئے روزانہ 23 گھنٹے تک ان کے سیل میں قیدِ تنہائی‘‘ میں رکھا گیا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ رپورٹس کے مطابق عمران خان کو ’’بینائی کو شدید نقصان‘‘ کا سامنا ہے، جبکہ ان کے وکیل نے فروری میں عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں کہا تھا کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی ’’85 فیصد ختم ہو چکی ہے‘‘۔ خط میں مزید کہا گیا، ’’مسٹر خان نے اکتوبر 2023 میں، دورانِ حراست کے آغاز پر، ’سست رفتار زہر دینے‘ کے خدشات بھی ظاہر کیے تھے۔‘‘
قانون سازوں نے کہا کہ دسمبر 2025 میں ایک الگ مراسلت میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے بشریٰ بی بی کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
قانون سازوں نے کہا، ’’انہیں مبینہ طور پر ایک چھوٹی، ہوا سے محروم اور حد سے زیادہ گرم کوٹھڑی میں طویل عرصے تک رکھا جاتا ہے اور انہیں صاف پینے کے پانی اور معیاری خوراک تک رسائی سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان کے اہل خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جبکہ انہیں نمایاں وزن میں کمی، انفیکشنز اور ایسے طبی مسائل کا سامنا ہے جن کا علاج نہیں کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق محترمہ خان کو بھی بینائی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے دونوں کے معاملات میں ’’فوری توجہ‘‘ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
Loading X post…
Open original post on Xخط میں مطالبہ کیا گیا، ’’ہم درخواست کرتے ہیں کہ محکمہ خارجہ ان خدشات کا جائزہ لے اور مسٹر اور محترمہ خان کی موجودہ صورتحال کا تعین کرے۔ مزید برآں، ہم محکمہ خارجہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ ان کی مسلسل حراست اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات کو حکومتِ پاکستان کے ساتھ براہِ راست اٹھائے۔‘‘
خط پر دستخط کرنے والے ارکانِ کانگریس میں سُہاس سبرامنیم، جو ولسن، گس بلیراکِس، رو کھنہ، جیمز میک گورن، پرمیلا جے پال، ڈونلڈ بیئر جونیئر، الہان عمر، فرینک پالون جونیئر، گریگ کاسار، راشدہ طلیب، جیمز واکن شا اور جانی اولزویسکی جونیئر شامل تھے۔
Loading X post…
Open original post on Xگزشتہ سال امریکی کانگریس کے ارکان جو ولسن اور آگسٹ پفلُوگر نے بھی مارکو روبیو کو مشترکہ خط ارسال کیا تھا، جس میں ان سے پاکستان کی فوجی قیادت سے رابطہ کرکے عمران خان کی رہائی یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
25 فروری 2025 کو لکھے گئے اس خط میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کی قید، جو اگست 2023 میں شروع ہوئی، سیاسی طور پر محرک مقدمات کا نتیجہ تھی۔ خط میں 2022 میں تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت کے خاتمے کو پاکستان میں ’’جمہوریت کی معطلی‘‘ قرار دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔





