Advertisement

احتجاج، وادی نیلم میں خوراک، ایندھن کی قلت، سیاحت کا شعبہ شدید متاثر

ff394720-6557-11f1-8546-8f19e4fe30f4.jpg


پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی خوبصورت وادی نیلم میں جاری احتجاجی تحریک کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر جاری ہڑتال اور دھرنوں کو 12 روز سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں، ٹرانسپورٹ، بینکنگ نظام اور سیاحت تقریباً معطل ہو کر رہ گئی ہے۔

مظفرآباد سے تقریباً 77 کلومیٹر دور واقع وادی نیلم میں چلہانہ سے تاوبٹ تک بیشتر بازار بند ہیں جبکہ ٹریفک کی آمدورفت بھی محدود ہو چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہڑتال کے گیارہویں روز میڈیکل سٹورز، کریانہ شاپس، بیکرز اور سبزی فروشوں سمیت ضروری اشیائے خورد و نوش سے وابستہ دکانیں کھولنے کی اجازت دی، جس کے بعد بعض علاقوں میں شام کے اوقات میں محدود کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔

احتجاجی مظاہرین نے وادی نیلم کو مظفرآباد سے ملانے والی واحد مرکزی شاہراہ چک مقام کے مقام پر بند کر رکھی ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد عملاً لاک ڈاؤن جیسی صورتحال میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انتظامیہ نے نوسری سے کنڈل شاہی تک سڑک بحال کر دی ہے، تاہم چک مقام سے تاوبٹ تک مرکزی شاہراہ تاحال بند ہے۔

خوراک اور ایندھن کی قلت​

وادی میں اشیائے خور و نوش اور ایندھن کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق آٹے اور دیگر ضروری اشیاء کی قلت پیدا ہو رہی ہے جبکہ پیٹرول پمپس مکمل طور پر بند ہیں۔

نیلم کے رہائشی الف دین نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے آٹے کے حصول کے لیے کوشش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک انہیں راشن فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق کھلی دکانوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں۔

دوسری جانب کرائے کی گاڑیاں مظفرآباد اور گڑھی حبیب اللہ سے کینوں میں پیٹرول لا رہی ہیں، تاہم اس پر اضافی نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔

انٹرنیٹ اور بینکنگ نظام معطل​

وادی نیلم میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس کام) کی انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند ہے جبکہ صرف کال سروس بحال ہے۔ انٹرنیٹ بند ہونے کے باعث بینکنگ نظام بھی متاثر ہوا ہے اور تمام اے ٹی ایم مشینیں بند ہیں، جس سے شہریوں کو رقم کی ترسیل اور نکلوانے میں دشواری کا سامنا ہے۔

احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شریک​

چک مقام میں 12 جون سے جاری دھرنے میں مردوں کے ساتھ خواتین، بزرگ اور بچے بھی شریک ہیں۔ مظاہرین ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق دن کے وقت دھرنے میں شرکاء کی تعداد زیادہ جبکہ رات کے اوقات میں نسبتاً کم ہو جاتی ہے۔

اب تک احتجاج کے دوران دو افراد زخمی جبکہ پانچ افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا مؤقف​

ڈپٹی کمشنر نیلم احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ضلع میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال برقرار ہے اور انتظامیہ متبادل راستوں کے ذریعے سرکاری امور انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی قلت سڑک بند ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ سپلائی کے مسائل کے باعث ہو سکتی ہے، جبکہ پیٹرول کی کمی قیمتوں میں کمی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا نتیجہ ہے۔

سیاحتی صنعت کو بڑا دھچکا​

قدرتی حسن کے باعث وادی نیلم کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کا اہم ترین سیاحتی مرکز سمجھا جاتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث سیاحتی سرگرمیاں تقریباً مکمل طور پر معطل ہو چکی ہیں۔

گیسٹ ہاؤسز، ہوٹل، ریسٹورنٹس اور پکنک پوائنٹس بند ہیں جبکہ ہزاروں افراد کا روزگار متاثر ہوا ہے۔ وادی نیلم گیسٹ ہاؤس ایسوسی ایشن کے صدر راجہ امجد نے کہا کہ گرمیوں کے چند ماہ ہی سیاحت کا اصل سیزن ہوتے ہیں اور موجودہ بندش نے کاروبار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے حکومت اور مظاہرین دونوں سے مطالبہ کیا کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے تاکہ سیاحتی سرگرمیاں اور معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔

مقامی کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ اگر حالات جلد معمول پر نہ آئے تو وادی نیلم کی معیشت کو طویل المدتی نقصان پہنچ سکتا ہے، کیونکہ علاقے کی بڑی آبادی کا روزگار براہِ راست سیاحت سے وابستہ ہے۔