آن لائن کمپنی کے قرضہ چنگل میں پھنس کر خودکشی کرنے والے شخص سے متعلق کیس میں تمام ملزمان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے، عدالت ناقص تفتیش پر شدید برہم۔
تفصیلات کے مطابق خودکشی کیس میں نامزد ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج محمد الیاس نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت ملزمان کے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں لگائی گئیں تمام ضمانتیں قابل ضمانت ہیں، صرف ایک دفعہ419 ناقابل ضمانت ہے جو اس مقدمے میں عائد ہوتی ہی نہیں ہے۔
ملزمان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نامزد دیگر ملزمان کی بعد از گرفتاری کی درخواست ضمانت منظور ہوچکی ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے پراسیکیوٹر جنرل نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور موقف اپنایا کہ ملزمان سے مزید تفتیش ہونا باقی ہے ابھی ان کی ضمانتیں منظور نا کی جائیں۔
مدعی کے وکیل سید مسعود الحسن شاہ نے بھی ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور کہا کہ مقدمے میں بھتہ خوری کی دفعات بھی عائد کی جائیں، ایف آئی اے نے کمپنی کا دفتر سیل کیا ہے اور برآمدگیوں میں سب کے رول کا تعین بھی کیا ہے۔
تاہم عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کیاجس میں ناقص تفتیش پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ حیران کن اور دردناک امر ہے کہ پوری فائل میں خودکشی سے موت کا کوئی ذکر ہی نہیں ہے،ایف آئی اے نے موت کی وجوہات، ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور بلیک میلنگ کے بعد خود کشی کے معاملے کو ریکارڈ کا حصہ ہی نہیں بنایا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ نامکمل ریکارڈ اور ناقص تفتیش کی بنیاد پر کاؤ لیانگ، تاؤوینگ، جیانگ وی، چن یی، سمیرا شعیب سمیت 9 ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جاتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/onl11h1h11.jpg
Advertisement





