Advertisement

آن لائن قرضہ ایپس کیس میں اہم پیش رفت، غیر ملکیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف

loan-aappsahaah.jpg


آن لائن قرضہ موبائل ایپلی کیشنز سے متعلق کیس کی تحقیقات کے دوران غیر ملکیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے ) نے قرضہ ایپ کے چنگل میں پھنسے مسعود کی خودکشی کے بعد جب تحقیقات کا آغاز کیا تواس غیر قانونی دھندے میں غیر ملکی شہریوں کے ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم کی تفتیشی ٹیم نے آن لائن قرضوں کے کاروبار سے وابستہ کچھ لوگوں کا کھوج لگایا ہے، ان میں چند غیر ملکی شہری بھی ہیں جو آن لائن قرضہ کمپنی میں چیف آپریٹنگ آفیسر، ڈائریکٹر فنانس جیسے عہدوں پر موجود تھے، اس کے ساتھ ساتھ ڈپٹی ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ، اسسٹنٹ ڈپٹی ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ کے عہدوں پر بھی غیر ملکی شہری کام کررہے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق پانچ غیر ملکی شہری اس دھندے سے وابستہ ہیں ، یہ غیر ملکی شہری بلیک میلنگ، ڈیجیٹل شواہد ضائع کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے بھی پائے گئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے، تحقیقاتی ٹیم کو ان غیر ملکیوں کے پاسپورٹ نمبرز اور دیگر معلومات مل چکی ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل راولپنڈی کے رہائشی مسعود نے آن لائن قرضہ دینے والی کمپنی کی بلیک میلنگ سےتنگ آکر خود کشی کرلی تھی، متوفی نے اپنے آخری پیغام میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں کے سود کے پیسے دینے ہیں ، مرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔