Advertisement

آزاد کشمیر کے سابق وزیر کا باشندہ سرٹیفکیٹ جعلی نکل آیا، سرٹیفکیٹ منسوخ

آزاد جموں و کشمیر کی سیاست اور انتظامی حلقوں میں اس وقت ایک بڑا اور سنسنی خیز تنازعہ سامنے آیا ہے، جہاں بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر کی جانب سے 12 نومبر 2026ء کو جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے سابق رکنِ قانون ساز اسمبلی اور سابق وزیرِ حکومت محمد عاصم شریف بٹ کا باشندۂ ریاست سرٹیفکیٹ (اسٹیٹ سبجیکٹ) منسوخ کر دیا گیا۔۔
سرکاری دستاویز کے مطابق، صدرِ آزاد جموں و کشمیر نے کابینہ کے 26 اکتوبر 2026ء کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی روشنی میں محمد عاصم شریف بٹ ولد محمد شریف بٹ، ساکن اندرون حرم گیٹ تلاں والی ملتان، کے حق میں 9 دسمبر 2004ء کو جاری ہونے والا باشندۂ ریاست سرٹیفکیٹ نمبر 2004/DM/2862/04 عین تاریخِ اجراء (یعنی 2004ء) سے منسوخ کرنے کی منظوری صادر فرمائی ہے۔ اس نوٹیفکیشن کی نقول چیف سیکرٹری، ناظمِ اعلیٰ حسابات، کمشنر بحالیات اور آزاد کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔

اس معاملے کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اسٹیٹ سبجیکٹ کی تنسیخ فوری اثر سے نہیں بلکہ سنہ 2004ء یعنی تاریخِ اجراء سے کی گئی ہے، جس کے نہایت دور رس قانونی اور مالی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ عاصم شریف بٹ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اسی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کا حصہ بنتے رہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر مہاجرینِ مقیمِ پاکستان کے حلقے (جیسے ایل اے 42 ویلی 3) سے الیکشن لڑتے رہے، رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے اور وزارتی مناصب سمیت مختلف سرکاری عہدوں پر فائز رہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق جب کسی عوامی عہدیدار کی بنیادی اہلیت یعنی شہریت یا باشندۂ ریاست ہونے کی دستاویز ہی تاریخِ اجراء سے کالعدم قرار دے دی جائے، تو اس دستاویز کی بنیاد پر حاصل کیے گئے تمام عہدے، اختیارات اور مالی فوائد بھی قانونی جواز کھو دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نوٹیفکیشن کی نقل خاص طور پر ناظمِ اعلیٰ حسابات (اکاؤنٹنٹ جنرل) آزاد جموں و کشمیر کو بھی بھیجی گئی ہے، جس کے بعد اس بات کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے کہ عاصم شریف بٹ سے بطور رکنِ اسمبلی اور وزیر وصول کی گئی تمام تنخواہوں، الاؤنسز، مراعات اور سابق اراکینِ اسمبلی کو ملنے والی پینشن و دیگر مالی بینیفٹس کی ریکوری کے لیے باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب اس معاملے کے فوجداری پہلو بھی انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں، کیونکہ دستاویزات میں خود کو ریاست کا باشندہ ظاہر کر کے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا اور اسے بائیس سال تک سرکاری و سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا قابلِ سزا جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ کینسلیشن ایکٹ 1971ء کی دفعہ 6 کے تحت جعلی یا دھوکہ دہی سے اسٹیٹ سبجیکٹ حاصل کرنے والے شخص کے لیے ایک سال تک قید اور جرمانے کی سزا مقرر ہے، جبکہ اس جعلی سرٹیفکیٹ کے اجراء میں مدد دینے یا سفارش کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف بھی قید و جرمانے کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ مزید برآں، اگر باقاعدہ تحقیقات میں دستاویزات کی تیاری میں جعل سازی اور ریاستی اداروں سے دھوکہ دہی ثابت ہوتی ہے تو تعزیراتِ پاکستان (جو آزاد کشمیر میں نافذ العمل ہیں) کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی کے ذریعے ناجائز فائدہ اٹھانا)، دفعہ 468 (جعل سازی) اور دفعہ 471 (جعلی دستاویز کو اصلی ظاہر کر کے استعمال کرنا) جیسی سنگین دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج بھی خارج از امکان نہیں۔ یوں ملتان سے تعلق رکھنے والے اس سابق وزیر کے لیے اسٹیٹ سبجیکٹ کی منسوخی محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ سیاسی مستقبل کے خاتمے، بھاری مالی ریکوری اور ممکنہ فوجداری مقدمات کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔۔۔۔
Loading X post…
Open original post on X

آزاد کشمیر کے سابق مہاجر ممبر اسمبلی و وزیر عاصم شریف بٹ کا باشندہ ریاست جعلی نکلا ۔۔
تو اب سوال یہ ہیکہ بطور وزیر اور ممبر اسمبلی جو استحقاق ، مراعات اور فیصلے کیے وہ سب ۔۔؟؟
اور سب سے اہم سوال کہ اس کے کاغذات جس اتھارٹی نے تصدیق کیے تھے وہ ۔۔؟؟
ان کو جس جماعت نے ٹکٹ دیا وہ ۔۔؟
Loading X post…
Open original post on X
​