آئی ایم ایف کی سخت شرائط اور جاری مالی بحران کے باعث وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں صرف 5 سے 7.5 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، جب کہ اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی جانب سے 10 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی یہ تجویز آئی ایم ایف کے علم میں بھی لائی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے لیے اضافی مراعات بھی زیر غور ہیں، جن میں رسک الاؤنس کو پنشن ایبل الاؤنس میں تبدیل کرنے اور یکم جولائی 2025 سے افواج کو ڈیفائنڈ کنٹری بیوٹری پنشن (DCP) سسٹم میں شامل کرنے کی تجاویز شامل ہیں، تاہم ان پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
گریڈ 1 تا 16 کے سول ملازمین کے لیے 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس دینے اور موجودہ دو ایڈہاک الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی تجاویز بھی وزارتِ خزانہ کے زیر غور ہیں۔ یہ تجاویز بجٹ کی منظوری کے لیے 10 جون کو وفاقی کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔
بجٹ میں بیرون ملک سے حاصل کردہ فری لانس اور ڈیجیٹل سروسز کی آمدنی کو ٹیکس نیٹ میں لانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بینک اکاؤنٹس کی شناخت میں معاونت کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ اسی طرح مقامی گاڑیوں پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) عائد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
درآمدی اشیاء پر ٹیرف میں رد و بدل سے 150 سے 200 ارب روپے کی کمی متوقع ہے۔ اس کا اثر خاص طور پر اسٹیل، آٹو پارٹس اور ٹائلز جیسے شعبوں پر پڑے گا، جو پہلے ہی بڑھتی لاگت کے باعث علاقائی مسابقت سے پیچھے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 17.5 ٹریلین روپے تجویز کیا گیا ہے، جو موجودہ مالی سال کے 18.87 ٹریلین روپے کے مقابلے میں کم ہے۔ غیرمحصول آمدن 4.85 ٹریلین روپے سے کم ہو کر 3 سے 3.5 ٹریلین روپے تک آنے کا امکان ہے۔
قرضوں کی واپسی آئندہ بجٹ میں بھی سب سے بڑی مد بنی رہے گی۔ موجودہ تخمینے کے مطابق اس پر 8.1 ٹریلین روپے خرچ کیے جائیں گے، جب کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 8.7 ٹریلین روپے خرچ ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب ایف بی آر کا محصولات کا ہدف 14.14 ٹریلین روپے مقرر کیا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ ہدف 12.33 ٹریلین روپے سے کافی زیادہ ہے۔
Last edited by a moderator:
Advertisement





