پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ حکومت نے محکموں میں کرپشن کی نشاندہی کرنے والے افراد کو ریکوری اور جرمانے کی رقم کا 30 فیصد اور توصیفی سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبائی کابینہ نے وسل بلورز پروٹیکیشن اینڈ ویجی لینس ایکٹ 2015ءکے مجوزہ مسودہ کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس قانون کے تحت جو شخص مفاد عامہ کی خاطر کوئی اطلاع دے اس کی زندگی اور مفادات کا تحفظ کیا جائے گا جبکہ اس کی دی گئی اطلاع پر ہونے والی ریکوری میں سے 30 فیصد رقم کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ توصیفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس مقصد کیلئے ایک ویجی لینس کمیشن بھی تشکیل دیا جائے گا جو کسی بھی محکمے کے کسی بھی شخص سے کرپشن سے متعلق مقدمات میں مدد لے سکے گا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے کرپشن کی اطلاع دینے والوں کو وسل بلورز کا نام دیا گیا ہے جنہیں انکشافات کی صورت میں ہونے والی ریکوری اور جرمانے کی 30 فیصد رقم اور توصیفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا جائے گا۔