لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کا شریف حکومت کے بارے میں حقائق نامہ
لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے اپنی اہلیہ ام احسان کے ہمراہ 15 اگست 2013ءاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری نثار پرویز مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ان کو ہمارے خلاف آپریشن کا شوق ہے تو یہ بھی اپنا شوق پورا کر لیں۔ میاں نوازشریف امریکہ کو راضی کرنے میں جنرل مشرف سے بھی آگے نکلنا چاہتے ہیں ۔ ن لیگ نے پہلے بھی ہمارے نام پر ووٹ حاصل کئے اور اب بھی لال مسجد کے نام پر ووٹ حاصل کرکے ہمارے ہی خلاف آپریشن کی تیاریاں کر رہی ہے مگر ہم حکومت کے کسی غیر آئینی اقدام کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ تفتیش اور فورتھ شیڈول کے نام پر ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے اسلام آباد کے 230 علماءکو فورتھ شیڈول کے نام پر گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ہم پولیس کو کسی صورت گرفتاری نہیں دینگے پولیس نے کسی معاملے میں تفتیش کرنی ہے تو عدالت سے رجوع کرے ہمیں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ۔ ن لیگ کی حکومت سے ہمیں خیر کی توقع نہیں۔ ہم پر دہشت گردی کے الزامات عائد کرکے نئے مقدمات میں پھنسانا چاہتے ہیں۔ ن لیگ کی حکومت سے عوام کو بہت توقعات وابستہ تھیں مگر مہنگائی ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کو مایوس کیا ہے حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی دینی جماعتوں اور مدارس کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کر دیا ہے ۔ (روزنامہ خبریں15 اگست 2013)