اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے ایفیڈرین کوٹہ کیس میں فوج سے معافی مانگتے ہوئے سیاست چھوڑنے کا اعلا ن کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوزسےگفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا وہ آئندہ قومی اسمبلی کا الیکشن نہیں لڑیں گے، فوج انہیں معاف کردے۔ انکا کہنا تھا کہ انکے چھوٹے بھائی کو ہراساں کرکے ان کےخلاف بیان دینے کا کہا جارہا ہے۔ ایفیڈرین کیس کی سماعت کے دوران حنیف عباسی کے بھائی باسط عباسی اور دیگر 8ملزمان کو راولپنڈی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر حنیف عباسی اے این ایف کے اہلکاروں پر برس پڑے۔ انکا کہنا تھا کہ ایفیڈرین کیس میں اے این ایف ان کے بھائی اور دیگرافراد سے ناروا سلوک کررہی ہے، ان کے بھائی اور دیگر ساتھیوں کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر ساری رات بھوکا رکھا گیا اس سلسلے میں وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔
دوسری طرف اینٹی نارکو ٹک فورس نے دناس کمپنی کے مالک طاہر الودود کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران طاہر الودود کی گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔ کرنل ریٹائرڈ طاہر الودود لاہوتی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2 ہزار500کلوگرام ایفی ڈرین کا کوٹہ لےکر اسے اسمگل کیا، وہ ایفی ڈرین کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ سابق ایم این اے حنیف عباسی پر ایفیڈرین کی ادویہ کا کوٹہ مقررہ حد سے زیادہ استعمال کرنے کا الزام ہےاور انکا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت تھا۔ایفی ڈرین کیس میں سابق ایم این اے حنیف عباسی کے بھائی باسط عباسی اور انکی کمپنی کے مینیجر احمد بلال سمیت 9 افراد پولیس کی تحویل میں ہیں جبکہ حنیف عباسی متعلقہ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری پر رہا ہیں۔
http://www.express.pk/story/178310/