سیاسی تشدد کا شکار ہونے والا گدھا چل بسا
سیاسی حریف کے نام کا حامل گدھا تشدد کے باعث ہلاک ہوگیا ،ہلاک ہونے والے گدھے کو18جولائی کے روز ایک ریلی کے دوران سیاسی کارکنوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
سیاسی ریلی میں تشدد سے زخمی ہونے والے گدھےکواے سی ایف اینیمل نامی تنظیم نے ریسکیو کیا تھا اور اس کا علاج جا ری تھا کہ وہ چل بسا ۔
اے سی ایف اینیمل نامی تنظیم کے مطابق سیاسی جماعت کی ریلی میں تشدد کا نشانہ بننے والے گدھے کی حالت گزشتہ روز بہتر تھی اور وہ اپنے پیروں پر کھڑا تھا اور بہتر طریقے سے غذا بھی لے رہا تھا تاہم آج وہ زخموں کے باعث دم توڑ گیا۔
اے سی ایف اینیمل کے سماجی ویب سائٹ پر جا ری کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ تشدد کا شکار جانور واقعے کے بعد صرف ایک ہفتہ زندہ رہ سکا اور اب دم توڑ چکا ہے۔
واضح رہے کہ سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو صرف اس بنیادپر نشانہ بنایا گیا تھا کہ اس پر ایک سیاسی حریف کا نام تحریر تھا۔