کراچی: ڈاکوؤں کی اسلحہ کے زور پر لوٹ مار،خفیہ کیمرے سے مناظرریکارڈ

karachishsh.jpg


ڈاکوؤں نے شہریوں کو لوٹ لیا، بائیکر کے خفیہ کیمرے سے لوٹ مار کے مناظر ریکارڈ۔ کیرتھر تلنگا ڈیم کے قریب ڈاکوئوں نے ناکہ لگا رکھا تھا جہاں وہ شہریوں کو لوٹ رہے تھے

ڈاکوؤں نے متعدد شہریوں کو ناکہ لگا کر لوٹ لیا، ڈاکوئوں کی لوٹ مار کے تمام مناظر خفیہ کیمرے میں ریکارڈ ہو گئے۔


نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق کیرتھر تلنگا ڈیم کے قریب ڈاکوئوں نے ناکہ لگا رکھا تھا جہاں وہ شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ حمزہ ہاشم نامی نوجوان بائیکر کو بھی ڈاکوئوں نے روک لیا۔

رپورٹ کے مطابق حمزہ ہاشم نامی بائیکر نے خفیہ کیمرے سے ڈاکوئوں کی لوٹ مار کے مناظر کو ریکارڈ کر لیا۔ ویڈیو میں ملزمان کو بھاری ہتھیاروں کے ساتھ شہریوں کو لوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان نے حمزہ ہاشم کو روک کر اس سے موبائل فون اور نقدی چھین لی جبکہ بعد میں آنے والے تمام افراد سے بھی ان کا قیمتی سامان چھین لیا۔

متاثرہ نوجوان حمزہ ہاشم نے خفیہ کیمرے سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا۔ دریں اثنا کراچی کے علاقے میں ڈکیتی واردات میں مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شرجیل نامی نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، مقتول نوجوان سرجانی ٹاؤن لیاری کا رہائشی بتایا جاتا ہے جو گھر کا واحد کفیل تھا، مقتول نوجوان کی نماز جنازہ ان کے گھر کے قریب جناز گاہ میں ادا کر دی گئی ہے۔

مقتول نوجوان کے اہلخانہ اور شہریوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں ڈکیتوں کی وارداتوں نے ہمارا جینا محال کر رکھا ہے، چند دنوں کے وقفوں سے لاشیں اٹھا اٹھا کر ہم تھک چکے ہیں، سندھ پولیس ہماری جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر پولیس اپنے شہریوں کوتحفظ نہیں دے سکتی تو شہریوں کو اپنی حفاظت کااختیار دے دینا چاہیے تاکہ وہ خود مسلح ڈاکوؤں کا مقابلہ کر سکیں۔