8 سالہ بچے کو ٹکر مارنےوالی کار جیالے رکن صوبائی اسمبلی کے گھر سے برآمد

22rukjasmbslkdkjkdh.png

کراچی میں کچھ روز قبل 8 سالہ بچے کو ٹکر مارنےوالی کار سابق پولیس افسر اور رکن صوبائی اسمبلی فاروق اعوان کے فارم ہاؤس سے برآمدہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں چند روز قبل ایک 8 سالہ بچہ گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تفتیش شروع کردی تھی اورحادثے میں ملوث مرسیڈیز کار کی تلاش شروع کردی تھی۔

دوران تفتیش پولیس کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی اور میمن گوٹھ کے ایک فارم ہاؤس میں موجود اس گاڑی کو تلاش کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ جس فارم ہاؤس سے گاڑی برآمد ہوئی وہ سابق پولیس افسر اور رکن سندھ اسمبلی فاروق اعوان کی ملکیت ہے۔

واقعہ کے حوالے سے جب فاروق اعوان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ گاڑی میرے ایک دوست کے بیٹے نے میرے فارم ہاؤس پر کھڑی کی تھی، میرا وہ دوست جاپان سے گاڑیاں منگوا کر میرے فارم ہاؤس پر کھڑی کردیتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے مالک کے حوالے سے معلومات سمیت کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔