یورپ میں گرمی کی لہر شدت اختیار کرگئی ہے، ریکارڈ گرمی کی شدت کے باعث اب تک 1700 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ میں ان دنوں پڑنے والی گرمی سے گزشتہ کئی دہائیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ، پرتگال اور اسپین میں گرمی کی شدت کے باعث 1700 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 10 سے 17 جولائی کے درمیان اسپین میں ہیٹ ویوکی شدید لہر کے باعث678 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ گرمی کی شدت برداشت نا ہونے کی وجہ سے پرتگال میں 7 سے 18 جولائی کے درمیان1ہزار 63 افراد جان سے گئے۔
اسپین کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ہفتے درجہ حرارت45 ڈگری تک پہنچ گیا جس سے ان علاقوں میں مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، گرمی کی شدت کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات صرف اسپین میں ہی نہیں بلکہ فرانس اور پرتگال میں بھی رپورٹ ہوئے۔
پرتگال میں 75ہزار ایکڑ پر پھیلے جنگلات راکھ ہوگئے جبکہ فرانس میں22 ہزار ایکڑ جنگلات کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، ان علاقوں میں شدید گرمی اور جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث ہزاروں علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔
اسپین کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 10 روز میں شدید گرمی کے باعث500 سے زائد اموات ہوئیں، اموات کی وجہ درجہ حرارت میں اضافے کو قرار دیا گیا ہے، عوام شدید گرمی میں حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔