
15 دنوں میں معافی نہ مانگی گئی اور ہرجانہ ادا نہ کیا گیا تو عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کرینگے: قانونی نوٹس
معروف بھارتی پروڈیوسر وڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ہیرامنڈی نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی بھارتی سیریز کا اعزاز اپنے نام کر چکی ہے۔
ہیرا منڈی پہلے ہفتے میں سب سے زیادہ ویوز حاصل کرنے والی بھارتی سیریز بھی بن چکی ہے جو اب تک 43 ممالک میں ٹاپ 10 پر ٹرینڈ کررہی ہے جسے 45 لاکھ کے قریب افراد دیکھ چکے ہیں۔ دوسری طرف معروف پاکستانی قانون دان نے سنجے لیلا بھنسالی اور نیٹ فلکس پر 1 ارب ڈالر ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق معروف پاکستانی قانون دان وسماجی شخصیت بیرسٹر عامر عزیز نے بھارتی فلم انڈسٹری کے پروڈیوسر وڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسانی اور نیٹ فلکس پر ویب سیریز ہیرامنڈی کے ذریعے پاکستانی ثقافت کو بدنام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 1 ارب ڈالر ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 15 دنوں میں معافی نہ مانگی گئی اور ہرجانہ ادا نہ کیا گیا تو عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کرینگے۔
بیرسٹر عزیز کا موقف ہے کہ بھارتی ویب سیریز ہیرامنڈی میں حقائق کو غلط انداز میں بیان کر کے لاہور کی ثقافت کو بدنام کیا گیا، سنجے لیلا بھسانی اور عالمی براڈکاسٹنگ ادارے نیٹ فلکس کی انتظامیہ کو جاری قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں واقع ہیرامنڈی پاکستان کا حصہ رہی ہے جس پر بنائی گئی یہ ویب سیریز پاکستانی ثقافت کو بدنام کرنے اور سازش کے طور پر بنائی گئی ہے۔
بیرسٹر عامر عزیز کے مطابق ویب سیریز بنانے سے پہلے نہ تو حکومت پاکستان اور نہ ہی پنجاب کی حکومت سے اس کی اجازت لی گئی ہے۔ پاکستان کی طرف سے اس ویب سیریز کو دکھانے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے لہٰذا اس قانون نوٹس کے ذریعے 15 دن کا وقت دے رہے ہیں کہ اس متنازع ویب سیریز کو بنانے اور دکھانے پر پاکستان اور لاہور کی عوام سے معافی مانگی جائے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ویب سیریز بنانے اور دکھانے پر حکومت پاکستان کو 1 ارب ڈالر کا ہرجانہ ادا کیا جائے، ایسا نہ کیا گیا ہے 15 دنوں بعد ہم عالمی عدالت انصاف میں ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔ یاد رہے کہ معروف قانون دان بیرسٹر عامر عزیز پاکستان میں مفادعامہ کے کیسز پر اپنی آواز بلند کرنے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14bhahskjksjlelgagntiice.png