
ہنستے بستے پاکستان کو ایک سازش کے ذریعے بربادی کے دہانے پر کھڑا کر دیا گیا: قائد مسلم لیگ ن
قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی صدارت میں آج لندن میں پارٹی کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم شہبازشریف، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نوازشریف سمیت پارٹی کے اہم رہنما شریک ہوئے۔
نوازشریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2017ء میں ہنستے بستے پاکستان کو ایک سازش کے ذریعے بربادی کے دہانے پر کھڑا کر دیا گیا اور کھلنڈروں کے ٹولے کو ملک پر مسلط کر دیا گیا۔
نوازشریف نے کہا کہ 2017ء میں ملک کے خلاف کی جانے والی اس سازش کے تمام کرداروں کو جب تک ان کے انجام تک نہ پہنچایا گیا تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ ملک کے 22 کروڑ عوام کے مجرموں میں جنرل باجوہ، جنرل فیض حمید، ثاقب نثار، عظمت سعید، جسٹس کھوسہ اور اعجازالاحسن شامل ہیں۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی امور پر مشاورت اور میاں محمد نوازشریف کی وطن واپسی پر انتظامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق وزیراعظم شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ میاں محمد نوازشریف کی وطن واپسی پر ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ نہ تو میں گوجرانوالہ گیا اور نہ ہی کسی سے ملاقات ہوئی ہے، نوازشریف کے حکم کرنے پر لندن چلا آیا، ان کی وطن واپسی کی تاریخ تبدیل نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں، پراپیگنڈا کرنے والوں کو بھرپور جواب دیں گے۔