ہمارے تمام اثاثے عمران خان اور پاکستان کے لیے قربان،زلفی بخاری

zilfiah1i.jpg


190 ملین پائونڈ کرپشن کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر ورہنما پاکستان تحریک انصاف کی جائیداد قرق کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے

جس پر زلفی بخاری کی طرف سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ 190 ملین پائونڈ کرپشن کیس میں نیب کی طرف سے عدالت میں اشتہاری ملزم زلفی بخاری کی جائیدادیں قرق کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نیب نیب کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے 190 ملین پائونڈ کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی و اشتہاری ملزم زلفی بخاری کی جائیداد قرق کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

عدالت کی طرف سے زلفی بخاری کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع 4 کنال اور ایک 30 کنال کا پلاٹ بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ زلفی بخاری کی 120 کنال 12 مرلے زمین اٹک ضلع میں بھی موجود ہے جس میں سے 91 کنال 10 مرلے زمین کو قرق کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1834547078950769028
زلفی بخاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ردعمل میں لکھا: میں یہ سوچ رہا ہوں کہ یہ لوگ اگلے ہفتے کیا کرنے کی کوشش کریں گے؟ ہمارے تمام اثاثے عمران خان اور ایک بہتر جمہوری پاکستان کے لیے قربان ہو بھی جائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ہم اپنے ملک میں قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ میری ہمیشہ سے ہی یہ کوشش کی ہے کہ کسی بھی قیمت پر اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے ملک کی بہتر سے بہتر خدمت کر سکوں ۔ میں یہ سب اس لیے نہیں کر رہا کہ مجھے اپنے کیریئر کے اختتام پر پلاٹ یا ایکسٹینشن مل جائے گی، آخر میں کہنا چاہوں گا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا، انشاء اللہ!