ہمارے اشتہارات بھی مسلمان ہو گئے
رمضان ، خیر اور برکت کا مہینہ
اس کا اندازہ آپ ٹی وی دیکھ کر لگا سکتے ہیں
ٹی وی آن کیا تو دیکھ کر حیرت بھی ہوئی اور خوشی بھی
وقتی خوشی ہی سہی کہ چلو ایک مہینے کے لیے ہی سہی ہمارے اشتہارات مسلمان تو ہو گئے ہیں
وہ موبائل فون جس کی خصوصیت یہ بتائی جاتی تھی کہ اس میں ٢٤ گھنٹے موسیقی بجتی ہے
ماہ مقدس کی وجہ سے اب اس فون میں مغرب کی اذان سنائی دے گی جو افطار کے وقت کی نشاندہی کرے گی
جس دھوم دھڑکا موسیقی کو سن کر نیم موڈل کے رقص کو ترسے ہوئے جسم تھر تھر کانپنے لگتے تھے
اب شاید الله اکبر کی صداؤں میں با پردہ خواتین دستر خوان پر بیٹھی ، خوف خدا سے تھر تھر کانپتے ہاتھ بلند کیے دعاؤں میں مشغول نظر آئیں گی
وہ موبائل جس کے کیمرے کی خصوصیت یہ تھی کہ "اور اس میں تم بھی ہو" ، اب اسلامی اور مقدس مقامات کی تصویر سے اس کے کیمرے کا معیار دکھایا جاۓ گا
جس تیل کے گھر میں آنے پر پورا گھرانہ ناچ ناچ کر اس کا استقبال کرتا تھا ، اب اسی گھرانے کہ مرد حضرات ٹوبی اور تسبیح سے ، اور خواتین دوپٹے سے آراستہ ہو کر دستر خوان پر بیٹھے آذان مغرب کا انتظار کر رہے ہونگے اور اسلامی تیل میں تلے ہوئے اسلامی سموسے اور نو مسلم پکوڑے کھائے جائیں گے
جس پتی کی چائے پی پکار لڑکا اپنی خالہ کی بیٹی کو قبول کرتا تھا ، اب شاید اس کی زوجہ بن چکی ہوگی اور اب اس کے ہاتھوں چائے پی کر حج فارم بھر رہا ہوگا
مشروبات کے اشتہارات جنھیں پی کر پارٹی منائی جاتی تھی ، اب انہیں پی کر روزہ افطار کیا جاۓ گا اور سر پر ٹوپی ، ہاتھوں میں تسبیح تھامے بیٹا باپ کے ہمراہ مسجد کی طرف جاتا نظر آئے گا
قصہ مختصر ، ہر وہ چیز جو ناچ گا کر بیچی جاتی تھی ، اب ایک مہینے کے لئے دستر خوان پر بیٹھ کر دعاۓ افطار کے ساتھ بیچی جاۓ گی