پاکستان کے لیے دل میں بغض رکھنے والے سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ ایک دفعہ پھر سے پاکستان کے خیالات بیانات دینے لگے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پاکستانی سپورٹس جرنلسٹ سے ہربھجن سنگھ الجھ پڑے، وہ ان بھارتی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو کرکٹ کا کوئی بھی بڑا ایونٹ پاکستان میں ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے اور کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے پر پاکستان مخالف بیانات دینا شروع کر دیتے ہیں۔
ایک مقامی صحافی نے گزشتہ روز ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں ہربھجن سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے ان کی گیندبازی پر سابق قومی کھلاڑی شاہد آفریدی کے 4 چھکے مارنے کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا: ہربھجن سنگھ آپ کو پاکستان میں اسی لیے سکیورٹی ایشوز ہیں، ہیں نہ!
ہربھجن سنگھ فرید خان کی تنقید کو برداشت نہ کر پائے اور پاکستان میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کی خبر شیئر کردی اور صحافی سے بدتمیزی کرنے پر اتر آئے۔ ہربھجن سنگھ نے صحافی فرید خان کے ٹوئٹر پیغام پر ہتک آمیز رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ کھیل میں جیت یا ہار ہوتی رہتی ہے لیکن اصل مسئلہ کیا ہے میں بتاتا ہوں؟
انہوں نے لکھا کہ نیچے پوسٹ کی گئی تصویر دیکھو اور یہاں سے (ایف) ہو جائو اور ایف کا مطلب تو تمہیں سمجھ آ ہی گیا ہو گا یا وہ بھی سمجھائوں! براہ کرم (ایف) کا یہ مطلب نہ سوچیں! آپ یہ جانتے ہیں کہ میں کیا کہنا چاہ رہا ہوں! ہربھجن سنگھ اپنے پیغام میں انگریزی کا لفظ استعمال کرتے ہوئے ذومعنی جملے ادا کرتے رہے، ہربھجن کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے ہربھجن سنگھ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان جانے پر حکومت سے منظوری لینے کے بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف زہر اگلتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ ہماری کرکٹ ٹیم پاکستان کیوں جائے؟ پاکستان میں حفاظتی خدشات ہیں، حالات ایسے ہیں کہ ہر روز کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے، ہماری ٹیم کیلئے وہاں جانا محفوظ نہیں۔