
کراچی میں خاتون ڈرائیور نے گاڑی روکنے پر ڈی ایس پی کو تھپڑ ماردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کےساتھ بدتمیزی کا واقعہ کراچی کےعلاقے پی آئی ڈی سی کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ٹریفک سیکشن پر ڈی ایس پی نے خاتون ڈرائیور کی گاڑی روکی ، خاتون اس بات پر برہم ہوگئیں اور انہوں نے ڈی ایس پی کو تھپڑ رسید کردیا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈی ایس پی نے سیاہ شیشوں، فینسی نمبر پلیٹ نصب کرنے پر سلور رنگ کی گاڑی کو روکا جس میں خاتون سوار تھیں، خاتون نے گاڑی سے اتر کر باریش ڈی ایس پی سے تلخ کلامی شروع کردی اور گاڑی کو آگے بڑھانے کا اشارہ کرتی رہیں۔
ڈی ایس پی نے خاتون کو سڑک کے کنارےپر جانے کا اشارہ کیا اور کوشش کی کہ ٹریفک کو روانی کو برقرار رکھا جاسکے، تاہم خاتون مسلسل ڈی ایس پی سے بدتمیزی کرتی رہیں،خاتون نے ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کو گاڑی کے آگے سے دھکا دیا اور اپنی گاڑی کو آگے بڑھانے کیلئے راستہ صاف کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔
خاتون انگلی کااشارہ کرتے ہوئے ڈی ایس سے تلخ کلامی میں مصروف رہیں اور ساتھ ہی موبائل فون سے ویڈیو بھی ریکارڈ کرتی رہیں، خاتون نے اسی دوران پہلے ڈی ایس پی کو دھکا دیا جس پر ڈی ایس پی ساتھ سے گزرتی کوسٹر سے ٹکرائے ، اسی دوران خاتون نے ڈی ایس پی کے منہ پر تھپڑ رسید کرکے ان کی چھڑی کو پکڑا اور انہیں سڑک کےکنارےپر دھکا دینے لگیں۔
پولیس سے بدتمیزی کے اس افسوسناک واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔