کے پی حکومت کا ایک اور فلاحی اقدام، صحت کارڈ میں مہنگے علاج بھی شامل

1748075532058.png


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں شہریوں کے لیے ایک اور اہم فلاحی اقدام اٹھایا گیا ہے۔


کے پی حکومت کے ترجمان، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اعلان کیا ہے کہ صحت کارڈ پلس میں اب مزید چار مہنگے اور پیچیدہ امراض کا علاج بھی شامل کر لیا گیا ہے۔


ترجمان کے مطابق اب جگر، گردے اور بون میرو کی پیوند کاری کا علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ آلۂ سماعت کی تنصیب بھی صحت کارڈ پلس کے دائرہ کار میں آ چکی ہے۔


بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ مردان سے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت او پی ڈی خدمات کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو روزمرہ بیماریوں کے علاج میں بھی سہولت میسر آئے گی۔


انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ پلس کے تحت صوبے بھر کے 10.6 ملین خاندان مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ 2016 سے اب تک 42 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت کا فائدہ اٹھا چکے ہیں اور 108 ارب روپے سے زائد رقم عوام کی صحت پر خرچ کی جا چکی ہے۔


ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ملک بھر میں پینل پر موجود 753 اسپتالوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔


صحت کارڈ پلس کے حوالے سے معلومات یا رہنمائی کے لیے شہری ٹول فری نمبر 0800-89898 پر چوبیس گھنٹے رابطہ کر سکتے ہیں۔
 

Back
Top