غیرملکی کمپنی نے نیپرا کی طرف سے امریکی ڈالر میں انڈیکسیشن کی اجازت نہ ملنے پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کی دھمکی دے دی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے ہائیڈرو پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والی کورین کمپنی میرا پاور لمیٹڈ (ایم پی ایل) نے نیشنل الیکٹرک پاورسپلائی ریگولیٹری اتھارٹی (ـنیپرا) کی طرف سے ٹیرف حساب کتاب اور امریکی کرنسی میں انڈیکسیشن کی اجازت نہ ملنے پر بین الاقوامی فورمز پر قانونی چارہ جوئی کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
میرا پاور لمیٹڈ 102 میگاواٹ کے گلپور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی ہے جس نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں پاور ڈویژن کو یکم جون 2024ء کو ایک خط بھی ارسال کر چکے ہیں۔ کورین کمپنی نے پاور ڈویژن کو ارسال کیے گئے خط میں سیکرٹری پاور کے ساتھ ملاقات کی درخواست کی تھی تاہم یہ ملاقات نہیں ہو پائی۔
سی ای او میرا پاور لمیٹڈ (ایم پی ایل) کے مطابق کمپنی نے نیپرا کی منظوری حاصل کرنے کے بعد امریکی کرنسی میں تمام اخراجات برداشت کیے تاہم نیپرا کا موقف ہے کہ منصوبے پر آنے والے اخراجات کو بغیر کسی غیرملکی زرمبادلہ کے پاکستانی روپوں میں شمار کیا جانا چاہیے کیونکہ انہیں پاکستان میں ہی برداشت کیا گیا۔
سی ای او میرا پاور لمیٹڈ کی طرف سے اس معاملے میں پاور ڈویژن سے مداخلت کی درخواست کی تھی جس کی مدد سے اس معاملے کا کوئی خوشگوار حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ نیپرا کی طرف سے کمپنی کو ٹیرف کی ادائیگی سے انکار کیا گیا تو وہ معاہدے میں شامل اپنے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے دستیاب آپشنز پر غور کر سکتی ہے جس میں ثالثی کی کارروائی کے ساتھ عالمی فورمز سے رجوع بھی کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ میرا پاور لمیٹڈ جنوبی کوریا کی بجلی پیدا کرنے والی کمپنی کوریا انرجی (KOEN) کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو 2022ء سے پاکستان میں 102 میگاواٹ کے گلپور ہائیڈرو پاور پلانٹ کے ذریعے 102 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔ گلپور ہائیڈرو پاور پلانٹ آزاد جموں وکشمیر کے ضلع کوٹلی میں گلپور گاؤں کے قریب دریائے پونچھ پرواقع ہےجس کی تعمیرات کی نگرانی نیسپاک اور ایم ڈبلیو ایچ نے کی تھی۔