
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کم وقت میں زیادہ بارش کی وجہ سے نظام متاثر ہوا ہے، عید کے دوسرے دن ہونے والی بارش کی وجہ سے الائشیں اٹھانے میں رکاوٹ آئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ریکارڈ بارشوں کے باعث شہر کی ابتر صورتحال کے حوالے سے وزیراعلی سندھ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور سارے معاملے کا ذمہ دار زیادہ بارشوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ 3 گھنٹوں کے اندر127 ملی میٹر بارشیں ہوئیں، اتنے کم وقت میں زیادہ بارش کی وجہ سے نظام متاثر ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کے دن شہر میں کہیں بھی پانی نہیں تھا، تاہم پہلے دن شام سےشروع ہونےکے بعد اگلے دن تک جاری رہنے والی بارش کی وجہ سےشہر میں پانی جمع ہوا، اس دن الائشیں اٹھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جنوبی ضلع میں ایک دن کے اندر 132 ملی لیٹر بارش ہوئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری سندھ حکومت عید کے پہلے دن سے سڑکوں پر موجود ہے،کل صبح تک شہر میں کہیں بھی پانی موجود نہیں تھا، بارش کا دوسرا اسپیل کل سے شروع ہونا ہے اس کیلئے ہم نے پہلے سے ہی نالوں کی صفائی شروع کردی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے 2020 میں اتنی بارشیں ہوئی تھیں،2007 میں برسات کے دوران 228 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ2009 میں 50 افراد لقمہ اجل بنے۔
مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جو ساڑھے تین سال ملک کے وزیراعظم رہے انہوں نے ایک دن بھی کراچی شہر میں نہیں گزارا، توشہ خانہ سے چوری وہ کرے اور چورہم ؟ چینی ، آٹا چوری وہ کرے اور چور ہم؟ پی ٹی آئی خود کو بڑی جماعت کہتی ہے مگر وہ ہے نہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/muradh1h1h11.jpg