
یونان کشتی حادثے کے بعد آزاد کشمیر سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 10 سب ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انسانی اسملنگ میں ملوث ملزمان اور ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، آزاد کشمیر پولیس نے بھی کشتی سانحے میں جاں بحق پاکستانیوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث 10 سب ایجنٹس کو گرفتار کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی کے سینئر سپرٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) محمد ریاض مغل نے کہا کہ حادثے کا شکار کشتی میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 21 کا تعلق آزاد و جموں کشمیر سے تھا، جاں بحق افراد کے لواحقین کی جانب سے ایجنٹس سے متعلق شیئر کردہ معلومات پر موثر حکمت عملی تیار کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے10 سب ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کوٹلی اور میر پورخاص سے تعلق رکھنے والے لیبیا میں مقیم مرکزی انسانی اسمگلروں طلعت کیانی، چوہدری ذولقرنین اور خالدمرزا کے سب ایجنٹس ہیں، ملزمان نے متاثرین کو یورپ بھیجنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے اینٹھ لیے، ملزمان کو گرفتا ر کرکے مقدمات قائم کرلیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی کوٹلی نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش انسانی اسمگلنگ کے طریقہ کار اور نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات بھی کیے اور بتایا کہ مسافروں کو پاکستان سے یو اے ای، مصر اور پھر لیبیا تک قانونی سفر کروایا گیا جس کے بعد غیر قانونی طریقے سےان لوگوں کو اٹلی لے جانے کی کوشش کی جارہی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/giaaahh.jpg