کراچی میں قازقستان کی ایک کمپنی کو جعلسازوں نے کروڑوں روپے کا چونا لگادیا ہے، مرغیوں کی فیڈ کی خریداری کیلئے پاکستان کمپنی سے رابطہ کرنے والے قازقستان کے تاجروں سے سوا تین کروڑ روپے لوٹ لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان کے تاجر بخیت جان اور میرس نے مرغیوں کی فیڈ خریدنے کیلئے پاکستان کی ایک کمپنی بگ ڈریگن سے رابطہ کیا، دونوں کمپنیوں کے درمیان50ہزار ڈالرز میں سودا طے ہوگیا جس کے بعد قازق کے تاجروں نے 50 فیصد ایڈوانس کی رقم پاکستانی کمپنی کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی۔
بعد ازاں بگ ڈریگن کمپنی نے قازق کے تاجروں کو دھوکہ دیا جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا مگر کچھ حاصل نہیں ہوا۔
ایک بار لٹنے کے بعد قازق کے تاجروں نے کراچی میں ایک میکن فوڈز نامی کمپنی سے ڈیل کیلئے رابطہ کیا، کمپنی کے مالک محمد عمیر نے قازق کے تاجروں کو اپنی فیکٹری کا دورہ کروایا اور ان سے 3 لاکھ 20 ہزار ڈالرز میں ڈیل فائنل کی۔
قازق کے تاجروں نےڈیل فائنل ہونے پر 90 ہزار ڈالرز میکن فوڈز کےاکاؤنٹ میں منتقل کیے مگر بدقسمتی سے انہیں ایک بار پھر فراڈ کا منہ دیکھنا پڑا اور معلوم ہوا کہ محمد عمیر کی کمپنی بھی فراڈ تھی، غیر ملکی تاجروں نے دوبارہ پولیس سے رابطہ کیا مگرکوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
غیر ملکی تاجروں نے دوہرے فراڈ کا شکار ہونے کے بعد کہا ہے کہ اگر انہیں اب بھی پاکستانی قانون کی طرف سے سپورٹ مل جائے تو وہ دوبارہ دوطرفہ تجارت کے خواہاں ہیں۔