چین نے اتوار کو کراچی میں ایک حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت اور ایک شہری کے زخمی ہونے پر پاکستانی حکام سے تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی سفارت خانے کی جانب سے اتوار کی رات کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت سے متعلق ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چین نے فوری طور پر ایمرجنسی پلان نافذ کرکے پاکستان سے تحقیقات کی درخواست کی ہے۔
چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چینی شہریوں، اداروں اور ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کرے، چین زخمیوں اور ان کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے اور حملے میں متاثر ہونےوالے دونوں ملکوں کے شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے ایک قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں چینی شہریوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔