کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ایف آئی اے کی کارروائی میں حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا، جس میں حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد اور بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی ضبط کی گئی۔
کارروائی کے دوران ایک ملزم آصف کو گرفتار کیا گیا جبکہ نیٹ ورک کے دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نعمان صدیقی کے مطابق، اس چھاپے کے دوران بنگلے سے 22 فرضی کاروباری اداروں اور افراد کی چیک بکس، 47 لاکھ روپے پاکستانی، 6 ہزار سعودی ریال، 6180 تھائی بھات، 22950 درہم، اور 450 امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔
اس کے علاوہ، پے آرڈرز کی فوٹو کاپیاں، حوالہ ہنڈی کے لیجرز، تین موبائل فونز، اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ریکارڈ سے پتہ چلا کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے مختلف غیر ملکی کرنسیوں کی یومیہ خرید و فروخت کی جاتی تھی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔