
ماسک پہنے دونوں ڈاکو شہریوں کی جیبوں سے نقدی نکالنے اور موبائل فون چھیننے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے
رمضان المبارک کے دوران بھی کراچی میں ڈکیتیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، سندھ پولیس امن وامان برقرار رکھنے میں ناکام ہو گئی۔ کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے بلاک نمبر 14 میں گزشتہ روز افطاری کے وقت ڈاکو ایک دکان میں گھس گئے اور روزہ داروں کو لوٹ کر فرار ہو گئے۔ 2 موٹرسائیکل سوار ڈاکوایک دکان میں داخل ہوئے جہاں 9 شہری افطاری کرنے میں مصروف تھے۔
موٹرسائیکل سوار دونوں ڈاکوئوں ماسک پہنے ہوئے تھے، دکان میں داخل ہوتے ہی روزہ دار شہریوں پر اسلحہ تان لیا۔ دکان میں افطاری کرنے والے 9 شہری خوف کا شکار ہو کر بیٹھے رہے اور ڈاکوئوں نے اسلحے کے زور پر روزہ دار شہریوں کی جیبوں سے نقدی نکالنے کے علاوہ اطمینان کے ساتھ کیش کائونٹر کا بھی صفایا کر گئے۔
مسلح ڈاکوئوں کے دکان میں داخل ہوتے ہی ایک شہری نے اپنی جیب سے موبائل فون نکال کر دکان کے کونے کی طرف پھینک دیا۔ روزہ دار شہری واردات کے دوران افطاری بھی کرتے رہے جبکہ ماسک پہنے دونوں ڈاکو شہریوں کی جیبوں سے نقدی نکالنے اور موبائل فون چھیننے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری طرف گزشتہ روز ہی 2 موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے ایک معمر شہری سے موبائل فون ونقدی چھیننے کی کوشش میں ناکامی پر گولی مار دی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس عوام کو تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اس بابرکت مہینے میں بھی ڈکیتیوں کا سلسلہ رکنے میں نہیں آرہا۔ مقامی دکانداروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔