
ملک میں جرائم اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی شرح شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن چکی ہے، ڈاکو نہ صرف لوگوں کے گھروں میں گھس کر قیمتی سامان چوری کرنے کے طریقے تلاش کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے فریجوں میں موجود گوشت کو بھی لوٹنا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 1-C میں حال ہی میں ایک گھر پر ڈاکوؤں نے دھاوا بولا جو نہ صرف نقدی اور مہنگے زیورات لے گئے بلکہ اس کے گوشت کے سامان کا فریج بھی خالی کردیا۔
اورنگی ٹائون میں ہونےو الے چوری کے اس انوکھے واقعے نے متاثرین اور حکام کو چکرا کر رکھ دیا ہے، ڈاکو مالکان کی عدم موجودگی میں تالے توڑ کر گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے نہ صرف قیمتی سامان لوٹ لیا بلکہ فریج میں رکھے ہوئے منجمد گوشت کو بھی نہیں بخشا، اس واقعے نے متاثرہ خاندان کو اپنی حفاظت کے حوالے سے بھی پریشان کر دیا ہے۔
اورنگی ٹائون تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، متاثرین نے پولیس حکام کو بتایا کہ وہ 2 دن پہلے کسی ضروری کام کی وجہ سے اپنے گھر سے ٹھٹھہ کے لیے نکلے تھے اور گھر لوٹنے پر انہیں چوری کا پتہ چلا، گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور ان کی نقدی، زیورات اور فریج سے گوشت بھی لے اڑے۔
واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کیلئے حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں، شہری اب تھوڑے وقت کے لیے بھی اپنے گھروں کو خالی چھوڑنے سے پریشان ہیں۔ پولیس نے متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس جرم کے ذمہ داروں کو تلاش کرنے کے لیے سرگرم ہے اور ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز سندھ وائلٹ لائف کے دفتر سے بھی کچھوے کا خشک گوشت چوری ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا جو کہ اڑھائی ماہ قبل قبضے میں لیا گیا تھا اور اسے 16 بوریوں میں بند رکھا گیا تھا۔ کچھوے کا گوشت چوری کرنے والے ملزموں کی عدم گرفتاری کے باعث کیس زیرتفتیش تھا اور گوشت حتمی تفتیش کے بعد سندھ وائلڈ لائف نے تلف کرنا تھا تاہم اس سے پہلے ہی اسے چور لے اڑے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14robbersgoshatjshjs.png