ڈی پورٹ افراد کے پاسپورٹ منسوخ، مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

l_324634_010012_updates.jpg

وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کرنے، پاسپورٹ منسوخ کرنے اور پانچ سال کے لیے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ان کے پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے اور انہیں پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر کے پانچ سال تک بیرون ملک سفر سے روکا جائے گا۔

اجلاس میں پاسپورٹ قوانین کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پورٹ افراد عالمی سطح پر پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔ ان کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ مجرمانہ سرگرمیوں کی بنیاد پر دوسرے ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے اور ان کے لیے نئی سفری دستاویزات کا اجرا سخت تر بنایا جائے گا۔

یہ اقدامات اُن غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کیے جا رہے ہیں جن میں بیرون ملک جا کر بھیک مانگنے جیسے جرائم شامل ہیں۔ حالیہ برسوں میں سیکڑوں پاکستانی، خصوصاً خلیجی ممالک سے، اسی الزام میں ملک بدر کیے جا چکے ہیں۔
 

Back
Top