ڈاکٹرعمر عادل کو خواتین اینکرز سے متعلق غیر اخلاقی زبان کے استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقااتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے سینئر خاتون اینکر غریدہ فاروقی کی درخواست پر ڈاکٹر عمر عادل کو گرفتار کرلیا ہے۔
درخواست میں غریدہ فاروقی نے موقف اپنایا ہے کہ عمر عادل نے ایک آن لائن پروگرام"دل کی بات" میں گفتگو کرتے ہوئے میرے خا ف جنسی اور توہین آمیز گفتگو کی جس سے میری تضحیک ہوئی اور عوام کے سامنے میری ریپوٹیشن میں فرق آیا۔
غریدہ فاروقی نے ڈاکٹر عمر عادل پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے غریدہ فاروقی سے متعلق فحش، غیر اخلاقی اور نازیبا گفتگو کی ، ایف آئی اے نے پیکا ایکٹ 2016 کے خلاف مقدمہ درج کرکے ڈاکٹر عمر عادل کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کل صبح ڈاکٹر عمر عادل کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاجائے گا۔
ڈاکٹر عمر عادل کی گرفتاری کے بعد غریدہ فاروقی نے اس معاملے پرردعمل دیتے ہوئے ایک ٹویٹ کی اور کہا کہ میری درخواست کے بعد عمر عادل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، انہوں نے میرے اور میڈیا میں کام کرنے والی تمام خواتین کے خلاف فحش ، لغو اور ہتک عزت پر مبنی الزامات عائد کیے اور میرا نام بھی لیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے قانونی کارروائی میں انہیں موقع فراہم کیا کہ وہ عوام کے سامنے معافی مانگیں مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سلام جنہوں نے میری درخواست پر ایکشن لیا، امید ہے انصاف مکمل ہوگا اور خواتین کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والے انجام کو پہنچیں گے اور خواتین کو بھرپور تحفظ ملے گا۔