ڈاکٹر عاصم نے 17 ارب روپے کے نیب ریفرنس سے بریت کی درخواست دائر کردی

16%D8%AF%D8%B1%D8%A7%D8%B3%DB%8C%D9%85%D9%86%D8%A7%D8%A8.jpg

رہنما پیپلزپارٹی ڈاکٹر عاصم حسین نے 17 ارب کی کرپشن سے متعلق نیب ریفرنس سے بریت کی درخواست دائر کر دی ہے۔

سابق وفاقی مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر جے جے وی ایل میں 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے ریفرنس سے بریت کے لیے درخواست دائر کی ہے۔


ریفرنس سے بریت کی درخواست پر عدالت نے آئندہ سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی، جس میں وکلا بریت کی درخواست پر اپنے دلائل دیں گے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ ملک سخت ترین حالات سے گزر رہا ہے، اب وہ وقت آگیا ہے کہ سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہوکر فیصلے لیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ معاملہ منی بجٹ سے حل نہیں ہوگا، ہمیں اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے۔ عوام کو سمجھنا پڑے گا کہ ہم کس مشکل کا سامنا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عاصم نے کہا ملک بہت ہی سخت حالات کی طرف جا رہا ہے۔ ہم نے ٹھیک اقدامات نہ کیے تو حالات سنگین ہوں گے۔ اب وہ وقت آگیا ہے کہ سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر فیصلے لیے جائیں۔