ڈالر کے مقابلے میں روپےکی قدر میں مسلسل دوسرے روز بہتری

dollar-and-pkr-price-dn.jpg


آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی معاملات حتمی مراحل میں داخل ہونے کےبعد روپے کی قدر میں مسلسل دوسرے روز بہتری دیکھی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف سطح پر معاہدہ طے پانے کی امید اور آئندہ چند ہفتوں میں آئی ایم ایف بورڈ سے پاکستان کے پروگرام کی بحالی کی منظوری کی خبروں کے سامنے آتے ہی ملک میں معاشی سرگرمیاں مثبت سمت کی جانب بڑھنے لگی ہیں،

کل اور آج میں کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی بڑھتی قدر کو بریک لگی ہے اور روپیہ کی قدر میں ایک فیصد سے بھی زائد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

آج انٹر بینک میں کاروبار کے دوران ایک موقع پر ڈالر 5روپے 9 پیسے سستا ہونے کے بعد 268 روپے23 پیسے کی سطح پر آگیا تھا، تاہم کاروبار کے آخری مراحل میں ڈالر نے پلٹ وار کیا اور اپنی قدر میں بہتری دکھانا شروع کی،

کاروبار کے اختتام تک اتار چڑھاؤ کےبعد ڈالر 2روپے82پیسےسستا ہونے کے بعد 270 روپے50 پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کو آج مار پڑی اور اس کی قدر میں ساڑھے پانچ روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی،

اوپن مارکیٹ میں آج کاروبار کے اختتام پر ڈالر 273روپے50 پیسے میں فروخت ہوا۔دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاروں کیلئے بہتری دکھائی دینا شروع ہوگئی ہے، آج ہونے والے کاروبار کے دوران کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1اعشاریہ78 فیصد بہتر کی جانب بڑھا۔

گزشتہ روز 41ہزار723 پوائنٹس پر بند ہونے والا ہنڈرڈ انڈیکس آج743 اعشاریہ27 پوائنٹس اضافے کےبعد 42 ہزار466اعشاریہ 59 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے نتیجے میں پاکستانی معیشت کو سنبھلنے کا موقع ملے گا، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے بعد پاکستان کو عالمی برادری اور مالیاتی اداروں سے اعلان کردہ 10ارب ڈالرزکے فنڈز کےملنے کی امید بھی بندھ جائے گی۔
 
Last edited by a moderator: