پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چین نے جو امداد دی وہ فوج کے کہنے پر دی شہبازشریف کے کہنے پر تو کہین سے 100 روپے بھی نہیں ملتے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوءے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ سیاسی عدم استحکام ہے۔غریب کے خلاف 15 روز سے گلا گھونٹ بجٹ جاری ہے لیکن آئی ایم ایف اب بھی فیصلہ نہیں کررہا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تو سانس لینے پر ہی ٹیکس لگنا باقی ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے مہنگائی ٹرین مارچ کی بھی حمایت کا اعلان کر دیا۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح 30 فیصد بڑھ گئی ہے۔ سپر ٹیکس صنعتوں کو اور10 سے 40 ہزار دکانوں پرفکسڈ ٹیکس ظلم ہے۔
شیخ رشید کا دعویٰ ہے کہ ان سیاسی لوٹوں کو ادائیگی ڈالروں میں ہوئی۔ ہر کوئی گوادر میں سنگ بنیاد رکھتا ہے لیکن تعمیرات نہیں کرنے دی جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ کفن اور قبر کا ریٹ دو گنا ہو گیا ہے۔ غریب کا مسئلہ آج بھی مہنگائی جبکہ موجودہ وزیراعظم کا مسئلہ مری ہائے وے ہے۔