چینی کے بعد دالوں کی قیمتوں میں کتنی کمی واقع ہوئی؟

daal1h1i11h23.jpg


عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی تھوک مارکیٹ میں بھی دالوں کی قیمتیں نیچے آ گئی ہیں۔

ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق، ستمبر سے اب تک دال ماش کی قیمت 500 روپے سے کم ہو کر 425 روپے فی کلو، کابلی چنا درجہ اول 400 روپے سے کم ہو کر 355 روپے فی کلو، اور چھوٹا دانہ سفید چنا 320 روپے سے کم ہو کر 295 روپے فی کلو ہوگیا ہے۔

کالے چنے کی قیمت میں 50 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے اور یہ 400 روپے سے کم ہو کر 360 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جو اگلے ماہ مزید کم ہو کر 300 روپے تک پہنچنے کی امید ہے۔

دال چنا جس کی قیمت 400 روپے کلو تک پہنچ گئی تھی توقع ہے کہ اس کی قیمت بھی نیچے آئے گی، دال مسور320 روپے سے 350 روپے کلو تک دستیاب ہے۔

عالمی منڈی میں دالوں کی قیمت میں 100 ڈالر فی ٹن سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے، جس سے قیمتیں 860 ڈالر سے گھٹ کر 750 ڈالر فی ٹن سے بھی نیچے آ گئی ہیں۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین رؤف ابراہیم کے مطابق، بھارت اور سری لنکا کی جانب سے خریداری کی سرگرمیاں رک جانے کے باعث قیمتیں کم ہوئیں ہیں۔

اس کے علاوہ، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے چینی کی قیمت میں بھی 13 روپے فی کلو کمی کی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر گا۔

دوسری جانب پنجاب میں آٹے کی قیمت مستحکم ہے، 10 کلو آٹے کا تھیلا 880 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1750 ہے۔سبزی کی قیمتیں نیچے آنے کا نام نہیں لے رہیں، بالخصوص آلو جو عام دنوں میں 70 سے 80 روپے کلو ملتا تھا اورتقریبا ہرسبزی میں استعمال ہورہا ہے اسکی قیمت 120 روپے کلو ہے۔

مٹر 400 روپے کلو، پیاز 150 روپے کلو، ادرک 600 روپے کلو اور لہسن کی قیمت بھی 600 روپے کلو ہے۔